• news

وزیراعظم نواز شریف آج نندی پور پاور پراجیکٹ کا افتتاح کرینگے

لاہور/ گوجرانوالہ/ ڈسکہ (نیوز رپورٹر+ نمائندہ  خصوصی+ نامہ نگار) وزیراعظم آج (ہفتہ کو) نندی پور پاور پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کرینگے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود ہونگے۔ 425 میگاواٹ بجلی بنانے کی صلاحیت والا نندی پور پاور پراجیکٹ کی 95 میگاواٹ والی پہلی ٹربائن کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ حکومتی کوششوں کے باعث نندی پور منصوبہ 7 ماہ میں مکمل کیا گیا۔ رواں سال دسمبر تک پاور پراجیکٹ کی چاروں مشینوں سے425 میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ پاور پراجیکٹ کی تکمیل سے قومی سطح پر شارٹ فال میں 10 فی صد تک کمی ہو جائے گی۔  ان خیالات کا اظہار  ڈائریکٹر نندی پور پاور پراجیکٹ گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمود احمد نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2008 میں شروع ہونے والا یہ پاور پراجیکٹ2011ء میں مکمل ہونا تھا  جس پر 23  ارب روپے لاگت کا تخمینہ تھا تاہم 3 سال تک پراجیکٹ پر کام رکا رہا اس کی وجہ  سے اخراجات بڑھ کر59 ارب روپے ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ  نندی پور پاور پراجیکٹ کی ٹربائنیں فرنس آئل پر چلیں گی جس سے فی یونٹ بجلی کی لاگت 23 سے 24 روپے ہو گی جبکہ  منصوبہ کو  بہتر طریقہ سے چلانے کے لئے اسے مہارت رکھنے والی کمپنی کے حوالے کیا جا ئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بعدازاں  نندی پور پاور پراجیکٹ کو گیس پر منتقل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ پلانٹ کو لاہور کی نہر کے برابر پانی کی ضرورت ہے جبکہ نہر کی بندش  کے ایام میں متبادل انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ تقریب کی وجہ سے آج صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک ڈسکہ سے گوجرانوالہ تک 23 میل کی سڑک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن