• news

اقلیتی برادری پی پی کا اثاثہ ہے، تحفظ فراہم کرینگے: بلاول

کراچی (این این آئی) پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے سندھ میں اقلیتوں کے تحفظ اور مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ سندھ نے اپنی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی ہے۔ یہ کمیٹی تمام اقلیتی برادری کے نمائندوں سے ملاقات کرکے ان  کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کریگی۔ کمیٹی ماہانہ بنیادوں پر اپنی رپورٹ پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ کو پیش کریگی۔ یہ بات انہوں نے بلاول ہاؤس میں اقلیتی برادری کے مسائل کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔     اجلاس میں اقلیتی برادری کے نمائندوں نے اپنی عبادت گاہوں کے متعلق خطرات اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی اقلیتی برادری کے تحفظات اور خدشات کو فوری دور کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا اقلیتی برادری پاکستان پیپلزپارٹی کا اثاثہ ہے۔ سندھ میں انہیں ہر ممکن تحفظ فراہم کریںگے۔ انہوںنے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ اقلیتی برادری کی عبادتگاہوں پر حملے کرنیوالے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔ مزید برآں پی پی کی رکن پنجاب اسمبلی فائزہ ملک کے حوالے سے بتایا گیا ہے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منگل کے روز کراچی میں طلب کر لیا۔ جس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال اور اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کے بعد آئندہ کالائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔

ای پیپر-دی نیشن