طویل لوڈشیڈنگ جاری‘ کاروبار ٹھپ‘ پانی بھی نایاب‘ گرمی سے متعدد افراد بے ہوش
لاہور/ فیصل آباد/ راولپنڈی (نامہ نگاران+ نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 35 سو میگاواٹ تک جا پہنچا۔ شہری علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے دیہی علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹے اور ٹیکسٹائل سیکٹر کو 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ کارو بار زندگی بُری طرح متاثر، کئی علاقوں میں پینے کے پا نی کی شدید قلت ہوگئی۔ لوگ سیم و تھور زدہ پانی پینے پر مجبور ہوگئے۔ خواتین بچے بوڑھے گیسٹرو جیسی خطرناک بیماری میں مبتلا ہو نے لگے۔ برآمدکنندگان کو موسم گرما کر برآمدات کے آرڈر پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر میں فوری طور پر بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گئی تو برآمد کنندگان کو اربوں ڈا لر کے نقصان کا خدشہ ہے۔ ٹیکسٹائل سیکٹر کو بھی بندش کی وجہ سے سینکڑوں برآمد کنندگان کو روزانہ اربوں ڈا لر کا نقصان ہو رہا ہے۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ سے پو پی ایس بھی ناکارہ ہوگئے۔ گرمی کی شدت میں اضافہ کیساتھ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں تیزی آگئی ہے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث لوگوں کو کھانا پکانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ چک امرو سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت سے متعدد افراد بیہوش ہوگئے۔ صدر پریس کلب شکرگڑھ اظہر عنایت بھی گرمی کی شدت سے بیہوش ہو کر گر پڑے۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی بار بار ٹرپنگ اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا جبکہ کم وولٹیج سے گھروں میں الیکٹرونکس کی اشیا فریج، ٹی وی، اے سی، یو پی ایس جل جاتے ہیں۔ دلے والا سے نامہ نگار کے مطابق 16 سے 18 گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں۔ جنڈانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ نے عوام کی چیخیں نکال دی، کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ آئی این پی کے مطابق وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں باشر سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ سندھ کے کچھ شہروں میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد بھی گرمی میں کمی نہ آسکی۔ محکمہ موسمیات نے زیریں سندھ، بالائی پنجاب اور کشمیر کے کچھ علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گرمی بڑھتے ہی واپڈاکی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کادورانیہ بھی بڑھ گیا۔ شہر میں 12سے 14گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کادورانیہ 14سے 16گھنٹے تک چلاگیا، انٹرمیڈیٹ امتحانات میں کمرہ امتحان میں بیٹھے ہزاروں طالب علم غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بے حال ہوکررہ گئے ہیں ان کاکہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پیپرزکی تیاری ٹھیک نہیں ہورہی۔