• news

(ق) لیگ‘ عوامی تحریک حکومت کی تبدیلی کیلئے 10 نکاتی ایجنڈے پر متفق‘ طاہر القادری رواں ماہ وطن آئیں گے

 لندن (این این آئی/ نوائے وقت رپورٹ) (ق) لیگ اور عوامی تحریک نے حکومت کی تبدیلی کیلئے تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی اور انتظامی نظام عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکا ہے۔ حکومت کی تبدیلی ناگزیر ہے، ملک میں ضلعی، تحصیل اور یونین کی سطح پر حکومتیں قائم کی جائیں، انتخابی دھاندلی اور عوامی حقوق کیلئے جدوجہد شروع کرینگے، طاہر القادری جولائی بجائے  اس ماہ  پاکستان  آئیں گے،  تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں سے رابطے شروع کئے جائینگے۔ ہفتہ کو لندن میں (ق) لیگ کے رہنما چوہدری شجاعت اور  پرویز الٰہی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہرالقادری نے کہاکہ جون میں پاکستان آمد کا اعلان کرتا ہوں۔ طاہر القادری نے کہا کہ اجلاس میں اتفاق کیاگیا کہ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے بھی رابطے شروع کریں گے۔ آج کی ملاقات میں مشترکہ اعلامیہ تیار کیاگیا جس پر دونوں جماعتیں عمل کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں 10 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیاگیا ہے جس کے مطابق ہر بے گھر خاندان کو 3 اور 5 مرلہ کے مفت پلاٹ دئیے جائیں گے ، جن پر تعمیر کیلئے  20 سے 25 سالہ مدت کیلئے بلاسود قرضے دیے جائیں گے، ہر شخص کو روزگار کی فراہمی یا روزگار الاؤنس دیا جائیگا، نوجوانوں کو جاب پلاننگ اور انہیں مقروض، بھکاری یا قرض خور بنانے کی حوصلہ شکنی کی جائیگی ۔ 15، 20 ہزار سے کم آمدنی والوں کی رجسٹریشن کرکے انکو آٹا ، چاول ، دودھ ، کوکنگ آئل ، چینی اور سادہ کپڑا آدھی قیمت پر فراہم کیا جائیگا۔ لوئر مڈل کلاس کیلئے بجلی ، پانی اور گیس کے تمام بلوں پر ٹیکسز ختم کردئیے جائیں گے اور انہیں تمام یوٹیلیٹیز نصف قیمت پر فراہم کی جائیں گے۔ سرکاری انشورنش قائم کی جائیگی اور غریبوں کا مکمل علاج فری ہوگا۔ یکساں نصاب کے تحت میٹرک تک مفت لازمی تعلیم ہوگی۔ اعلیٰ تعلیم کے ہر خواہشمند طالبعلم کو مواقع ملیں گے اور میرٹ پر داخلہ یقینی ہوگا۔ پاکستان کے کل رقبے 20 کروڑ ایکڑ میں سے 10 کروڑ ایکڑ قابل کاشت ہے ، ان میں سے 5 کروڑ نجی ملکیت میں ہے ، باقی رقبہ غریب کسانوں میں تقسیم کردیا جائیگا۔ فرقہ واریت ، دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کیا جائیگا۔ لوگوں کی تربیت کیلئے 10 ہزار امن تربیتی مراکز بنائے جائیں گے ، مدارس کے نصاب میں تبدیلی کی جائیگی۔ خواتین کو گھریلو صنعتی یونٹس کی صورت میں روزگار اور کسبِ معاش کے مواقع مہیا کئے جائیں گے، انہیں مکمل سماجی و معاشی تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام امتیازی قوانین ختم کیے جائیں گے۔ سرکاری وغیر سرکاری چھوٹے بڑے ملازمین کے درمیان تنخواہوں کے فرق کو ممکنہ حد تک کم کیا جائیگا۔ طاہر القادر ی نے کہاکہ موجودہ سیاسی اور انتظامی نظام عوامی مسائل حل کرنے میں نام ہوچکا ہے، ملک میں ضلعی،تحصیل اور یونین کی سطح پر حکومتیں قائم کی جائیں، نئی عوامی حکومت کا قیام ناگریز ہوچکا ہے۔ طاہر القادری نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئیں گے تو سرکاری میڈیکل انشورنش فراہم کی جائیگی، مفت علاج کیا جائیگا، عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، نئی حکومت عوام کو بنیادی حقوق فراہم کریگی جو زمین کسی کی ملکیت نہیں وہ کسانوں کو مفت دی جائیگی۔ اس موقع پر (ق) لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ نکاتی ایجنڈے سے مکمل اتفاق کرتے ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملک میں غریب عوام کی کوئی شنوائی نہیں، عوامی مسائل کے حل کیلئے پلان پیش کیا ہے۔ پرویز الٰہی نے مطالبہ کیا کہ آزاد الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انکا کہنا تھا کہ پولیس اور پٹواری نظام میں اصلاحات لائیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق (ق) لیگ کے رہنما چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کی جس میں حکومت کیخلاف اپوزیشن گرینڈ الائنس کے قیام اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں گرینڈ الائنس کیلئے ایم کیو ایم، مجلس وحدت المسلمین اور سنی اتحاد کونسل سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف کو بھی گرینڈ الائنس میں شمولیت کی دعوت دی جائیگی تاہم اس کے شامل نہ ہونے پر بھی الائنس بنایا جائیگا۔ طاہر القادری  قائد الطاف حسین سے بھی ملاقات کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن