جو کھیل کھیلا جا رہا ہے اس سے واقف ہیں‘ کسی کو جمہوریت پر شپ خون نہیں مارنے دینگے : زرداری
نوشہرہ (ثناء نیوز+ این این آئی) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کا انہیں بھی علم ہے لیکن وہ آمریت کا راستہ روکنے کیلئے خاموش ہیں۔ یہاں پیپلز پارٹی کے رہنما طارق خٹک کی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے ٹیلیفونک خطاب کے دوران آصف زرداری نے کہا بے نظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف آواز بلند کی اور ملک میں جمہوریت کے لئے موت کو گلے لگایا۔ ان ہی کے خون کے بدلے آج ملک میں جمہوریت ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم جمہوریت کا تسلسل اور استحکام چاہتے ہیں، اسی لئے پیپلز پارٹی نے گزشتہ عام انتخابات کے نتائج تسلیم کئے کہ ملک کی ایک ڈکٹیٹر سے جان چھوٹی تو پھر دوسرا آمر نہ آجائے۔انہوں نے کہا ہم خیبرپی کے میں سوات جیسے حالات نہیں چاہتے بلکہ صوبے اور ملک میں امن کے خواہاں ہیں، اختلافات اپنی جگہ لیکن پیپلز پارٹی کے کارکن خیبر پی کے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور اس کے ساتھ اپنی جماعت کو بھی مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہا جو کھیل کھیلا جا ر ہا ہے اس سے واقف ہیں لیکن کسی کو جمہوریت پر شب خون نہیں مارنے دیں گے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بقا کے لئے جدوجہد کی، جمہوری اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، عام انتخابات میں کھلی دھاندلی ہوئی لیکن اس کے باوجود جمہوریت کی بقاء کے لئے نتائج کو تسلیم کیا، ناراض کارکن تمام اختلافات بھلا کر متحد ہو جائیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آصف زرداری نے کہا جمہوریت کو کمزور نہیں ہونے دیں گے، ہمیشہ آمروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ہم ڈرائنگ روم کی سیاست نہیں کرتے، غیر شفاف انتخابات کے باوجود نتائج کو قبول کیا۔ جمہوریت کو کمزور نہیں ہونے دیں گے، ہمیشہ آمروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، کارکن اختلافات بھلا کر پارٹی کے لئے کام کریں۔ این این آئی کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا ملک میں طالبان جیسی حکومت نہیں بننے دیں گے، نوشہرہ میں پپلزپارٹی کے ورکرز کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا خیبر پی کے کے عوام سے اپیل کی وہ قیام امن کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں۔ مزید برآں آصف علی زرداری سے ہفتہ کو بلاول ہائوس میں پیپلزپاٹری کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی صورت حال، پیپلزپارٹی اوورسیز کے امور اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نوائے وقت رپورٹ/آئی این پی/ این این آئی کے مطابق سابق صدرآصف علی زرداری نے ایک بیان میں پی پی رہنمائوں کے خلاف مقدمات بنانے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور امین فہیم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ شہید بے نظیر بھٹو کو بھی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور امین فہیم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں۔ تینوں رہنمائوں کو احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہاہے۔ اس اقدام سے برداشت، رواداری اور مفاہمت کی سیاست کو زک پہنچے گی۔ حکومت مخالفین کو ہراساں کرکے جمہوری قوتوں کے اتحاد کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ مقدمات بنا کر حکومت جمہوریت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ پی پی جمہوری نظام کیلئے کوشاں ہے۔ حکومت فیصلوں پر نظر ثانی کرے اور سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے سے گریز کرے، سیاسی لیڈروں کو نشانہ بنانا خطرناک عادت ہے جس کے نتائج دور رس ہوں گے۔