تحریک انصاف نے کارکنوں کو مائوں بہنوں کی عزت کا سبق نہیں دیا: حمزہ شہباز
لاہور(لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ(ن)سے تعلق رکھنے والی ارکان پنجاب اسمبلی فرزانہ زبیر بٹ ،سلمیٰ بٹ، رخسانہ کوکب اور نسرین نواز اور خاتون رہنما تنویر چوہدری نے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف سے انکے دفتر میںملاقات کی اور انہیں بتایا کہ حلقہ پی پی 107 حافظ آباد میںپولنگ کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے انہیں دھکے دئیے، انکے دوپٹے کھینچے گئے، گالی گلوچ کیا گیا اور انکی گاڑی پر پتھر ائو کیا گیا۔ ایسا لگتا تھا کہ تحریک انصاف کے قائدین نے اپنے کارکنوں کو پہلے سے ہی ایسا رویہ اپنانے کی ہدایات دے رکھی تھیں۔ حمزہ شہبازشریف نے خواتین ارکان اسمبلی کو یقین دلایا کہ فوٹیج اور دیگر شہادتوں کی روشنی میں اس افسوسناک واقعہ کے ذمہ داروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ واقعہ کی ہر پہلوسے انکوائر ی کی جائیگی اور اگر یہ سوچی سمجھی سازش ہے تو ا سکے ذمہ دار عناصر کا بھی بہت جلد پتہ چلا لیا جائیگا اور انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ خواتین ارکان اسمبلی سے بدتمیزی کے واقعہ سے ثابت ہوگیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے اپنے کارکنوں کو مائوں، بہنوں کی عزت کرنے کا سبق نہیں دیا۔ اس سے عوام بآسانی نتیجہ نکال سکتے ہیں کہ اگر خدا نخواستہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو اقتدار مل گیا تو یہ تمام اخلاقی اقدار اور روایات کی دھجیاں بکھیر دیں گے۔