لاہور: اڑھائی سالہ بچی، نارنگ منڈی، 10سالہ سالی، قصور میں خاتون سے زیادتی
لاہور+ قصور+ نارنگ منڈی (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران) لاہور میں اڑھائی سالہ بچی، قصور میں خاتون، نارنگ منڈی میں 10سالہ سالی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ لاہور میں ہنجروال کے علاقہ میں 40سالہ شخص نے محنت کش کی اڑھائی سالہ بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ دیپالپور اوکاڑہ کا اشرف محنت مزدوری کیلئے اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ لاہور آیا اور گلی نمبر 2 رانا ٹائون میں کرائے کے مکان میں رہتا تھا گذشتہ روز اشرف کی بیوی کوٹھی میں کام کاج کیلئے چلی گئی جبکہ اشرف ننھی بچی کیلئے بازار سے دودھ لینے چلا گیا، اشرف کے گھر سے نکلتے ہی محلے دار ملزم سلمان اشرف کے گھر میں گھس گیا اشرف کے گھر واپس پہنچنے پر ننھی بچی کے چیخنے کی آواز آ رہی تھی اور درندہ صفت انسان ننھی بچی سے زیادتی کی کوشش کر رہا تھا۔ قصور میں جھنڈوالا میں مبینہ شراب کے نشہ میں دھت انور نامی شخص نے شادی شدہ خاتون کے ساتھ زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ مسماۃ شہناز بی بی کے گھر داخل ہونے والے اوباش ملزم انور نے شہناز کے ساتھ زبردست زیادتی کر ڈالی، پولیس تھانہ پتوکی نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ نارنگ منڈی کے اندرون شہر محلہ مسلم پارک میں دو بچے کے باپ شہزاد نے اپنی 10سالہ یتیم سالی (ص)کو زبردستی اغواء کرلیا اور ملتان لے جاکر 5روز تک زبردستی زیادتی کرتا رہا نارنگ منڈی پولیس نے اوباش ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے ملزم اپنی سالی کو لاہور میں اپنی بڑی بہن سے ملانے کا جھانسہ دے کر ملتان لے گیا جہاں ایک کرائے کا کمرہ لے کر 5روز تک اسے اپنی قید میں رکھا اور اُسے زیادتی کرتا رہا۔ اس دوران ایک روز کھڑکی کھلی پاکر بچی نے روتے ہوئے راہگیروں سے موبائل لے کر اپنی ماں کو صورتحال سے آگاہ کیا جس پر اسے بازیاب کروا لیاگیا، مظلومہ کی معذور ماں نے روتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے دادرسی کا مطالبہ کیا، بچی کا باپ فوت ہو چکاہے، وزیراعلیٰ پنجاب از خود نوٹس لے کر ملزم کو کیفرکردار تک پہنچائیں۔ ڈیرہ غازی خان سے ثناء نیوز کے مطابق موبائل فون پر دوستی کرکے لڑکی کو کراچی سے ڈی جی خان بلاکر زیادتی کرنیوالا 4 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی ایس پی سٹی نصراللہ وڑائچ نے بتایا کراچی کورنگی نمبر 3کی رہائشی میٹرک کی طالبہ بختاور کی کچھ عرصہ قبل ڈیرہ غازیخان کے رہائشی شکور سے موبائل فون پر دوستی ہوئی، شکور نے لڑکی کو اپنا نام شاہ زیب بتایا اور کسی اور شخص کی تصاویر کو اپنی بتاکر بذریعہ موبائل بھیجی جس پر مذکورہ لڑکی اس کے چکر میں پھنس گئی اور شادی کیلئے کراچی سے ڈیرہ غازیخان پہنچی۔ شکور اس کو کھانا کھلانے کے بہانے ہوٹل سلیمان گسٹ ہائوس لے گیا جہاں اس نے کمرہ نمبر 208 معاون ملزمان جنید، وقاص، امان اللہ اور مالک ہوٹل افتخار بھٹی کی ملی بھگت سے بک کرایا اور ان کی معاونت سے لڑکی سے زیادتی کی۔ بعدازاں زیادتی ملزم امان اللہ نے لڑکی کے شور و واویلا پر واپس کراچی جانے کیلئے اڈے پر چھوڑ آیا مقامی تھانہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے شکور، جنید، امان اللہ اور وقاص کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزم افتخار بھٹی کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔