اپنے فیصلے لندن یا جنیوا میں نہیں پاکستان میں کرینگے: جاوید ہاشمی
ملتان (سماجی رپورٹر) تحریک انصاف کے مرکزی صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے ہم اپنے فیصلے لندن یا جنیوا میں نہیں کریں گے۔ ایک سال سے وزیراعظم سینیٹ میں نہیں آئے جو کہ آئین و قانون کی توہین ہے۔ نواز شریف سینیٹ کو جوابدہ ہیں لیکن انہوں نے سینیٹ میں دوسروں کی اکثریت قبول نہیں کی۔ انہیں اکثریت مل جائے گی تب وہ سینیٹ میں جائیں گے۔ میاں نوازشریف کا یہ رویہ غیر جمہوری ہے۔ وہ گزشتہ روز رکن صوبائی اسمبلی ظہیر الدین علیزئی‘ اعجاز جنجوعہ‘ بیرسٹر وسیم خان‘ حاجی سعید احمد‘ بیرسٹر سلمان قریشی کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آئندہ بجٹ میں عوام کو شکنجہ چڑھایا جائے گا اور آواز بھی نہیں نکالنے دیں گے کیونکہ آئی ایم ایف کہے گا عوام کو یہ شکجہ چڑھایا جائے تو یہ شکنجہ چڑھائیں گے۔10 سال قبل جو کام شوکت عزیز نے کیا پرویز مشرف نے انہیں اتنی سزائیں نہیں دیں جتنی شہباز شریف نے دی ہیں جسکی پرواہ نہیں کی۔ انہوں نے کہا انکے آباؤ اجداد کی زمینوں میں سے 50 ایکڑ زمین زرعی یونیورسٹی کے لئے دی تھی۔ اب شہباز شریف نے یہ زمین قبضہ گروپ کو دیدی ہے مگر یہاں زرعی یونیورسٹی نہ بنائی گئی اور ہمارے بچوں کا مستقبل تاریک کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے اور وزیراعلیٰ کو گھر سے نہیں نکلنے دیں گے۔