• news

بھارت بلوچستان میں مداخلت کر رہا ہے، ظالمان کا حل آپریشن ہے: رحمن ملک

 کراچی(آئی این پی +ثنائ)پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے ظالمان لاتوں کے بھوت ہیں انکا حل صرف اور صرف آپریشن ہے اور جو گروپ اپنی قیادت کا باغی ہوجائے وہ پاکستان سے کیسے مخلص ہوسکتا ہے۔ ظالمان نتیجہ خیز مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہوں تو بات چیت کا عمل ضرور ہونا چاہیے ۔ حکومت  مذاکرات کیلئے مخلص ہے۔ کراچی ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا طالبان  باہر سے ملنے والے چند ٹکوں کیلئے کام کرتے ہیں ، یہ عناصر شروع سے ہی پاکستان کیخلاف تھے اور اب بھی ملک دشمن ہی ہیں۔یہ لاتوں کے بھوت ہیں جو باتوں سے نہیں مانتے اسلئے انکے خلاف کارروائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا حکومت کی جانب سے تمام میگا پراجیکٹ پنجاب میں شروع کرنا سندھ اور کراچی کے ساتھ زیادتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے دور میں ہر بات پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نوٹس لیکر وزیراعظم تک کو عدالتی کٹہرے میں کھڑا کردیتے تھے لیکن آج موجودہ حکومت کیخلاف کوئی ایکشن کیوں نہیں لیا جارہا۔انہوں نے کہا بھارت بلوچستان میں براہ راست ملوث ہے۔وہ بلوچستان میں مداخلت کا ذمہ دار ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف اپنی جماعت سمیت دیگر سیاسی قیادت سے صلح و مشورہ کرکے بھارت سے بات کریں تو انہیں امید ہے یہ معاملہ حل ہوسکتا ہے۔این این آئی کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے گورنر ہاؤس میںرحمان ملک نے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیاگیا سندھ کی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے دونوں جماعتیں مل کر کام کریںگی اور تمام امور کو باہمی مشاورت سے طے کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن