قومی ہاکی ٹیم کو ایشین گیمز‘ یوتھ اولمپکس میں انٹری مل گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نیٹ نیوز )ورلڈ کپ 2014ء میں کوالیفائی نہ کرنے والی قومی ہاکی ٹیم کو ایشین گیمز اور یوتھ اولمپکس میں انٹری مل گئی۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز، یوتھ اولمپکس اورکامن ویلتھ گیمزکیلئے دستوں کوحتمی شکل دیدی گئی ہے۔ایشین گیمزمیں 300رکنی دستہ شرکت کریگا جبکہ چین میں ہونیوالے یوتھ اولمپکس میں19 رکنی دستہ حصہ لے گا۔ قومی ہاکی ٹیم عالمی کپ کی طرح کامن ویلتھ گیمز کا بھی حصہ نہیں ہوگی۔ پاکستان کی جانب سے کامن ویلتھ گیمزمیں72 رکنی دستہ ایکشن میں دکھائی دے گا۔عارف حسن کے مطابق لوزین میں آئی او سی حکام سے ملاقات9 کے بجائے اب19 جون کو ہوگی۔ 19 جون کو آئی او سی حکام کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں قوم کو اچھی خوشخبری سننے میں ملے گی، حکومت جلد نیشنل اولمپک ایسوسی ایشن کے حوالے سے پیدا شدہ صورتحال کو حل کرنے جا رہی ہے۔ 19 جون کو لوزان میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں حکومت پاکستان کی نمائندگی سیکرٹری آئی پی سی اعجاز چودھری، آئی او سی کے پاکستان میں نمائندے سید شاہد علی اور نیشنل اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے میں خود شرکت کروں گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد پر لگی تاحیات پابندی کے حوالے سے رانا مجاہد کی جانب سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے جبکہ اجلاس میں اولمپک کونسل آف ایشیا کی جانب سے اکرم ساہی، خواجہ فاروق سعید سمیت مختلف افراد پر لگائی جانے والی تاحیات پابندی برقرار ہے، پی او اے جنرل کونسل اجلاس میں اس حوالے سے بھی بات ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز، یوتھ اولمپک کی تیاریوں کے لیے پاکستان سپورٹس بورڈ کو خط لکھ دیا گیا کہ وہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپس کا بندوبست کرے تاکہ ہمارے نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈلز ملک کے نام کر سکیں۔ امید ہے کہ اگلے 10 سے 15 روز میں میگا ایونٹس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے کیمپس لگ جائیں گے۔ اجلاس میں شریک ارکان نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کے فیصلوں کی بھرپور حیات کی یقین دہانی کرائی۔