بھتہ خوری پر قتل، مریدکے سٹی کا ایس ایچ او معطل، رانا تنویر کا بھی دورہ
مریدکے(نامہ نگار) ڈی پی او شیخوپورہ افضال کوثر نے مبینہ بھتہ خوری پر پراپرٹی ڈیلر کے قتل اور تھانہ سٹی کے ایس ایچ او عبد الحمید ورک کے واردات کے پانچ گھنٹے بعد پہنچے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کو معطل کرتے ہوئے شاہد رفیق کو ایس ایچ او تھانہ سٹی مریدکے تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جنہوں نے چارج سنبھال کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف تین الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ مزید براں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے گزشتہ روز قتل ہونے والے پراپرٹی ڈیلر حاجی محمد اشرف کے گھر جاکر پسماندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا صوبے میں امن عامہ بحال رکھنے کے لیے سخت اقدامات کئے جائیں گے اور غنڈہ گردی، بدمعاشی کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ ہمیں ڈاکوؤں اور قبضہ گروپوں کے ووٹ کے بل پر اقتدار حاصل کرنے کے بجائے اقتدار سے باہر رہنا قبول ہے۔ جن افراد نے حاجی اشرف کو موت کے گھاٹ اتار ا، انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پورے وسائل استعمال کئے جائیں گے۔ اپنے بھائی رانا افضال حسین ایم این اے، احمد عتیق انور، شیخ شبیر احمد، رانا حسیب عامر اور رانا ماجد نواز کے ہمراہ متاثرہ خاندان کو یقین دہانی کراتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا ان کی پوری ہمدردیاںان کے ساتھ ہیں۔ رانا تنویر حسین نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب نے حاجی اشرف کے قتل کا فوری نوٹس لے لیا ہے اور بھتہ خوروں کو فوری کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔