بھارت مسئلہ کشمیر حل کرنے کی بجائے مزید لٹکانے کی سازشیں کررہا ہے: علی گیلانی
مظفر آباد (آن لائن) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کی بجائے مزید لٹکانے کی سازشیں کررہا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی انتخابات کے بائیکاٹ پر نہتے کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح قتل کیا گیا عالمی برادری کی طرح پاکستانی حکمرانوں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے موثر رول ادا نہ کرنے اور پاکستانی میڈیا کی خاموشی مایوس کن ہے۔ عالمی تنازعہ کشمیر کو سرد خانے میں رکھا جارہا ہے ۔ جموں وکشمیر ہیومن رائٹس موومنٹ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی کو عالمی سطح پر اجاگر کریں۔ان خیالات کا اظہار سید علی گیلانی نے مظفر آباد میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیم جموں وکشمیر ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدر نور الحسن گیلانی سے مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ علی گیلانی نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف کا امن کی آشا لیکر نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنا اچھا اقدام تھا مگر بھارت کبھی بھی مسئلہ کشمیر کے حل پر مذاکرات کی میز پر نہیں آئے گا وہ دوغلی پالیسی کے تحت کشمیریوں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ وزیراعظم پاکستان کو نریندر مودی کی ماں کااحساس ہوا مگر گزشتہ 67 سالوں سے وادی میں ہزاروں مائوں کے گھر اجاڑ کر برباد کردیئے گئے وہ نظر نہیں آئے۔ وزارت خارجہ کی نرم پالیسی کے باعث تحریک آزادی میں لچک پیدا ہوئی تحریک آزادی کو سرد خانے میں کسی صورت نہیں ڈالنے دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں نام نہاد الیکشن کے بائیکاٹ سے ثابت ہوگیا کشمیری اپنے حقوق کی جنگ لڑ سکتے ہیں۔ عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں اور کشمیریوں سے رائے شماری کرائے تاکہ بھارت کا اصل چہرہ عالمی دنیا کے سامنے آسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیرکے بیس کیمپ کی چند جماعتوں کے علاوہ دیگر جماعتوں کا مسئلہ کشمیر پر بیانات صرف اخبارات تک محدود ہے اگر عالمی سطح پر احتجاج کیا جائے تو مسئلہ حل ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا بھی کشمیر میں قتل عام، انسانی حقوق کی پامالی کو منظر عام پر لائے۔ آخر میں مرکزی صدر ہیومن رائٹس موومنٹ نے سید علی گیلانی کو ایشیا کا بیسٹ بابا حریت کا ایوارڈ دینے کی پیشکش کی جو علی گیلانی نے قبول کرلی۔