مقبوضہ کشمیر : کالے قانون کے تحت کشمیریوں کو طبی سہولتوں اور وکلا تک رسائی سے محروم رکھا جا رہا ہے : امریکہ
واشنگٹن /سرینگر (این این آئی) امریکی محکمہ خارجہ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ کی طرف سے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کو وکلا تک رسائی اور طبی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق محکمہ خارجہ نے 2013میںبھارت میں انسانی حقوق کی صورت حال سے متعلق اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر میںپولیس لوگوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار اور انہیں بنیادی سہولیات خاص طور پر وکلا تک رسائی اور طبی سہولیات سے محروم رکھ رہی ہے۔ سرینگر سے شائع ہونے والے ایک انگریزی اخبار کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ قابض انتظامیہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کسی شخص کو بغیر کسی جرم یا عدالتی کارروائی کے کم از کم دو برس تک جیل میں رکھ سکتی ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2005سے2012کے درمیان آزادی پسند رہنمائوں سمیت600کشمیریوں پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیاجبکہ 1988سے 16ہزار3سو29 کشمیریوں پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا۔