• news

حکومت کسی ’’تانگہ پارٹی‘‘ سے خوفزدہ نہیں، مدت پوری کرے گی: رانا ثناء اللہ

لاہور (آئی این پی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ چودھری برادران وہ چلے ہوئے کارتوس ہیں اس میں نئے چھرے بھی ڈال لئے جائیں تو وہ ٹھس ہی ہوں گے۔ چودھری برادران اور طاہر القادری شیخ چلی کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کسی تانگہ پارٹی سے خوفزدہ ہونے والی نہیں۔ (ن) لیگ کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی‘ آئندہ انتخابات میں بھی فتح شیر کی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ طاہر القادری عمران خان اور چودھری برادران اپنی ڈوبتی سیاسی کشتی کو سہارا دینے کیلئے ہاتھ پائوں مار رہے ہیں مگر جس کشتی میں شیخ رشید بھی سوار ہو اس کا ڈوبنا لازم و ملزوم ہوتا ہے اس لئے ان تمام سیاسی یتیموں کی کشتی کو ڈوبنے سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ جمہوری حکومت کو کسی احتجاجی تحریک سے کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی ہم احتجاجی دھرنوں سے خوفزدہ ہونے والوں میں سے ہیں عوام خود ہی ان جمہوریت دشمن لوگوں کو ناکام بنائیںگے۔دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ لاہور میں ہائیکورٹ کے سامنے قتل ہونے والی خاتون کے قاتلوں کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ ایسے اقدامات کی روک تھام کیلئے معاشرے میں مائنڈسیٹ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے بھی قتل کا سخت نوٹس لے لیا ہے، مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن