چمن: فائرنگ سے لیویز اہلکار جاں بحق، کندھ کوٹ میں بی ایل اے کا ملزم مارا گیا
کوئٹہ+ چمن+ کندھ کوٹ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) چمن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک لیویز اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ ضلع گواری تحصیل بنی میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایم این اے کا بیٹا جبکہ دالبندین میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکے سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔ کندھ کوٹ رینجرز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں بی ایل اے کا ایک ملزم مارا گیا۔ کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ خضدار کے علاقے کوشک میں نامعلوم سمت سے فائر کیے گئے راکٹ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ چمن میں پیر کی شام ایک لیویز اہلکار حاجی دلبر ڈیوٹی کی غرض سے اپنے سائیکل پر جا رہا تھا کہ راستے میں نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس کے باعث وہ دم توڑ گیا۔ ادھر گوادر کے علاقے پسنی میں بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں رکن قومی اسمبلی سید عیسیٰ نوری کا بیٹا زخمی ہو گیا۔ سید عیسیٰ نوری کا تعلق بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) گروپ سے ہے۔ ادھر دالبندین کے قریب ریلوے ٹریک پر نصب بم پھٹنے سے راشن ٹرین کی ایک بوگی کو نقصان پہنچا، دھماکے سے ٹرین کے دروازے پر کھڑے ریلوے کے دو ملازمین نیچے گر کر زخمی ہو گئے۔ ادھر خضدار میں نامعلوم افراد کی جانب سے گھر پر پھینکا جانے والا دستی بم صحن میں گر کر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ ادھر ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم افراد نے کنواں نمبر 1 اور 10 سے پلانٹ کو جانے والی 8 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ علاوہ ازیں بارکھان میں نامعلوم افراد کے راکٹوں اور جدید ہتھیاروں سے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تربت لیویز کے عملے نے ایک نامعلوم شخص کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد کر لی مقتول کی شناخت نواز کے نام سے کی گئی جو دکاندار تھا۔ علاوہ ازیں کندھ کوٹ میں رینجرز اور بارود سکیورٹی فورسز کے چھاپے کے دوران رینجرز اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں بی ایل اے کا ایک غلام ہلاک ہو گیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق چھاپہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے ملزمان کی موجودگی پر مارا گیا۔ چھاپے کے دوران اسلحہ وبارود برآمد کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں کسٹمز انٹیلی جنس نے ایف سی کے ہمراہ پنجگور میں کارروائی کرتے ہوئے ایرانی ڈیزل سے بھرے 17 آئل ٹینکرز قبضے میں لے لیے۔