مردہ خوری کیس کی سماعت کل ہو گی،نعش قبر سے نکال کر گردن کاٹی گئی:رپورٹ
سرگودھا (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی سرگودھا کی خصوصی عدالت مردہ خوری کیس کی سماعت کل 4 جون کو کرے گی جبکہ ملزموں کے گھر سے برآمد ہونے والی دس سالہ بچے کی کھوپڑی کے بارے میں بھی فیصل آباد کے میڈیکل کالج نے رپورٹ دے دی۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کی دفعات کے تحت دریا خان بھکر کے علاقہ میں مردے قبروں سے نکال کر کھانے والے دو بھائیوں عارف اور عرفان کے مقدمہ کا ٹرائل شروع ہوگیا ہے۔ عدالت نے ملزموںپر سابقہ تاریخ پیشی پر فرد جرم عائد کردی تھی اور مقدمہ کے بارے گواہان نے شہادتیں قلمبند کروا دی تھیں۔ (کل) 4 جون کو مقدمہ کی سماعت ہوگی جس میں مزید سات گواہان کو طلب کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ملزمان کے گھر سے برآمد ہونے والے گوشت کو انسانی قرار دئیے جانے کے بعد اب میڈیکل کالج فیصل آباد نے انسانی کھوپڑی کے بارے میں رپورٹ جاری کردی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دس سالہ بچے کے مرنے کے بعد مردہ قبر سے نکال کر بعدازاں اس کے سر کو کاٹ کر تن سے جدا کیا گیا جس کی رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی ہے۔