نیوکلیئر سپلائرز گروپ تک رسائی کیلئے جمہوریہ چیک تعاون کرے: قائمہ کمیٹی
اسلام آباد(ثناء نیوز) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ نے پاکستان کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ تک رسائی کیلئے جمہوریہ چیک کے پارلیمنٹ سے تعاون مانگ لیا۔ جمہوریہ چیک کو کمیٹی کی جانب سے جمہوریہ چیک کی مغوی دو خواتین کی بازیابی کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا یہ خواتین بلوچستان کے راستے بھارت جارہی تھیں بازیابی کے لئے تمام خفیہ ذرائع کو بھی استعمال کیا گیا۔ جمہوریہ چیک کے 6رکنی پارلیمانی وفد جسکی قیادت جمہوریہ چیک کی سینٹ کی خارجہ امور، دفاع و سلامتی کی کمیٹی کے چیئرمین فرانٹیسیک ببلان کر رہے ہیں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں قائمہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین حاجی عدیل نے کہا پاکستان کا ماحول سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ہے۔سینیٹر سحر کامران نے اس بات کی طر ف اشارہ کیا بھارت کو این ایس جی ویور دینے سے خطے میں عدم توازن کی کیفیت پیدا ہوئی ہے۔