ترکی ایشیائی ملکوں سے اقتصادی تعلقات کا فروغ چاہتا ہے: ترک وزیر
انقرہ (اے پی پی) ترکی کے وزیر اقتصادیات نہد زیبک جی نے کہا ہے کہ ترکی مشترک ثقافت و تاریخی روایات رکھنے والے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کا عزم رکھتا ہے۔ یہ انہوں نے انقرہ میں ترکی ترکمانستان جوائنٹ اکنامک کمشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ترک وزیر اقتصادیات نے کہا ہے کہ ترکمانستان جیسے ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ترکی کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے وسطی ایشیاء میں نقل و حمل کیلئے کرایوں میں کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترکی ۔ ترکمانستان ، آذر بائیجان اور قزاقستان میں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا قیام ناگزیر ہوگیا ہے ۔ ترکی اور ترکمانستان کے درمیان 2012ء کے دوران تجارتی حجم 3.5ارب ڈالر رہا تھا۔ اس موقع پر ترکمانستان کے نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صدر بردی محمدوف کا دورہ ترکی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔