ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کے اکائونٹس تک رسائی سے روکا جائے: سہیل لاشاری
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ٹیکس دہندگان کو صفائی کا موقع دئیے بغیر اُن کے بینک اکائونٹس تک رسائی اور ریکوری کے نام پر ازخود رقوم نکلوانے کے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر زور دیا ہے کہ ایف بی آر کو ان اقدامات سے روکا جائے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ایسے اقدامات کی وجہ سے نہ صرف ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ کاروبار دوست حکومت کی ساکھ بھی متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک اکائونٹس تک رسائی اور قوم نکلوانا آخری قدم ہونا چاہیے لیکن ریجنل ٹیکس آفسز/لارج ٹیکس پیئر یونٹس ٹیکس اہداف پورے کرنے کے لیے فوری طور پر انتہائی قدم اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو تاجر برادری کو سہولت دینے کے لیے قائم کیا گیا تھا لیکن اس وقت یہ اِس کے اُلٹ کام کرتے ہوئے تاجر برادری کی مشکلات میں اضافہ کررہا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ ایف بی آر کوٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور انڈر انوائسنگ و سمگلنگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں لیکن یہ واجبات کی وصولی کے نام پر ٹیکس دہندگان کے بینکس اکائونٹس تک رسائی حاصل کرکے حالات بگاڑنے میں مصروف ہے۔ انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کارکردگی دکھانے اور ٹیکس اہداف پورے کرنے کے لیے چھاپے ماررہاہے۔