پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ڈیلی پیڈ ملازمین کی کم از کم تنخواہ 10 ہزار مقرر
لاہور (کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے اعلان کے مطابق ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن خاقان بابر نے ڈیلی پیڈ ملازمین کی اُجرت کم از کم دس ہزار روپے ماہانہ مقرر کر دی ہے۔ لیبر پالیسی کے تحت ہونے والے اس اعلان پر پنجاب سیڈ کارپوریشن نے سب سے پہلے عملدرآمد شروع کیا۔ تفصیلات کے مطابق نئی لیبر پالیسی کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے واضح اعلان کیا تھا کہ ڈیلی پیڈ مزدوروں کی ماہانہ اُجرت کم از کم دس ہزار روپے مقرر کی جائے جس پر سب سے پہلے پنجاب سیڈ کارپوریشن نے عملدرآمد کیا۔ وزیر زراعت پنجاب، ڈاکٹر فرخ جاوید نے ایم ڈی سیڈ کارپوریشن کی طرف سے بھیجی جانے والی سمری کی منظوری دے دی جس سے رزانہ اُجرت پر کام کرنے والے ملازمین جو چھوٹے سکیل کے ہیں کم از کم دو ہزار روپے تنخواہ میں اضافہ ہو گا۔ خبر سنتے ہی ڈیلی پیڈ ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے اس فیصلے پر حکومت پنجاب اور پنجاب سیڈ کارپوریشن کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔