ریلوے کیلئے 77 ارب روپے مختص، چین کے شہر کاشغر کو گوادر سے ملانے کا منصوبہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین معاشی راہداری کے ذریعے کاشغر اور گوادر کو موٹر ویز اور ریلوے کے ذریعے ملایا جائیگا۔ مری مظفر آباد ریلوے لنک کے نام سے نئے منصوبے کا آغاز کر رہے ہیں جس کیلئے کشمیر ریلویز کے نام سے نئی کمپنی قائم کی جا رہی ہے۔ ریلوے شعبے میں ترقیاتی سکیموں، ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کیلئے 77 ارب روپے رکھے ہیں۔ کراچی سرکلر ریلوے کی سکیم کیلئے بجٹ میں فنڈز رکھے گئے ہیں۔ 5 سال میں 500 ریلوے انجن سسٹم میں لائیں گے، 1500 نئی بوگیاں بھی خریدی جائیں گی۔ لاہور میں جدید اورینج میٹرو ٹرین کا منصوبہ ہے، اسلام آباد سے مری تک ریلوے لائن بچھائی جائیگی۔ ریلویز ڈویژن کے تحت نئے منصوبوں کیلئے 7 ارب 26 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ سٹاف کوارٹرز کی تعمیر کیلئے 30 کروڑ، اسلام آباد سے مظفر آباد ریلوے لنک کے پی سی ٹو کی فزیبلٹی سٹڈی کیلئے 6 کروڑ ، لاہور میں گڈز شیڈز کی بہتری کیلئے 5 کروڑ 90 لاکھ، سیکورٹی آلات کی خریداری کیلئے 50 کروڑ، لودھراں، خانپور، کوٹری سیکشن پر سگنل نظام کی بہتری کیلئے 2 ارب 75 کروڑ کول ٹرانسپورٹیشن کیلئے ہوپر ویگنز خریدنے کیلئے ایک ارب 64 کروڑ 20 لاکھ، کوئٹہ، کراچی، لاہور اور پشاور ریلوے سٹیشنوں کی تزئین و آرائش کیلئے پچاس کروڑ، 100 ڈی ای لوکوموٹویز کی مرمت و بحالی کیلئے 40 کروڑ ، 800 کوچز اور 200 ویگنز کی مرمت و بحالی کیلئے 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔