• news

100 فیصد فٹ ہوا تو اکیلا ہی ورلڈ کپ جتوائوں گا: محمد عرفان

لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے دراز قد فاسٹ باؤلر محمد عرفان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو آئندہ ورلڈکپ جتوانا چاہتے ہیں۔ سمر کیمپ میں دیگر باؤلرز کی طرح ان کی فٹنس میں بھی بہتری آئی ہے۔ نومبر میں آنے والی انجری سے نجات مل گئی ہے۔ آئندہ اگست میں سری لنکا کیخلاف ہونیوالی سیریز کیلئے تیار ہوں مگر میرا اصل ہدف ورلڈکپ ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کا فیصلہ فٹنس دیکھ کر کروں گا‘ اکتوبر میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف بھی اچھا پرفارم کروں گا۔ دونوں ممالک کی وکٹیں میرے لئے سازگار ہیں۔ مطلوبہ فٹنس حاصل کرنے کے بعد فوری طور پر کرکٹ نہیں کھیلوں گا بلکہ اصل فوکس ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میچز پر ہو گا۔ مجھے علم ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے پر دباؤہو گا۔ میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ کارکردگی کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ نہ کیا جاؤں۔ مجھے اس بات کا بھی علم نہیں ہے کہ سلیکٹرز نے اس سال میرے بارے میں کیا فیصلہ کیا ہے مگر میری توجہ ورلڈکپ 2015ء پر مرکوز ہے۔ اتنا عرصہ کرکٹ نہ کھیلنے پر مایوسی ہوئی ہے، اپنی فٹنس پر توجہ مرکوز ہے۔ میں بغیر کسی وقفہ کے طویل کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔ گذشتہ 3 ہفتے فٹنس پر خوب توجہ دی ہے۔ نیٹ پر باؤلنگ بھی شروع کر دی ہے۔ روزانہ دو سیشنز میں باؤلنگ کرا رہا ہوں۔ 31 سالہ فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ آسٹریلیا میں باؤنسی پچز پر اچھی باؤلنگ ہو گی۔ آسٹریلیا میں کھیلنا بھی کھلاڑی کیلئے اعزاز ہوتا ہے اور وہاں ورلڈکپ کھیلنا سب سے بڑا اعزاز ہو گا۔ وہاں اچھا پرفارم کر سکتا ہوں۔ اگر 100 فیصد فٹ رہا تو اکیلا ہی میچ جتوا سکوں گا۔

ای پیپر-دی نیشن