• news

رینٹل پاور کرپشن کیس: پرویز اشرف‘ شوکت ترین سمیت 12 ملزموں پر فرد جرم عائد‘ استغاثہ سے شہادتیں طلب

اسلام آباد (نامہ نگار+ ایجنسیاں) احتساب عدالت نے رینٹل پاور کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین سمیت 12ملزمان پر فردجرم عائد کرتے ہوئے 20جون کو استغاثہ سے شہادتیں طلب کر لیں، عدالت نے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین اور اسماعیل قریشی کی جانب سے بریت کیلئے دائر کردہ درخواستیں مسترد کر دیں۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے رینٹل پاور پراجیکٹ پیرا غیب اور سہووال کے منصوبوں پر نیب ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم سمیت 12ملزمان پر فرد جرم عائد کی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی عدم موجودگی میں ان کے وکیل امجد اقبال قریشی کو فردجرم پڑھ کر سنائی گئی، دیگر ملزمان میں سابق چیئرمین پیپکو اسماعیل قریشی، سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی شاہد رفیع، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین، سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ، رانا امجد اور رضی عباس سمیت دیگر شامل ہیں۔ شوکت ترین اور اسماعیل قریشی کی بریت کی درخواستوں پر نیب پراسیکیوٹر نے بریت کی مخالفت کرتے ہوئے مئوقف اپنایا کہ ابھی ٹرائل شروع ہی نہیں ہوا، بریت کی درخواستیں قبل از وقت ہونے کی وجہ سے ناقابل سماعت ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن