محدود وسائل میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں: نواز شریف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں ٗ حکومت نے اولین مسائل پر قابو پانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے پارٹی ارکان کو نئے بجٹ پر اعتماد میں لیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پارلیمانی پارٹی کو بجٹ پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ کوشش ہے کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دیں، ہماری اولین مسائل پر قابو پانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ علاوہ ازیں سارک کے سیکرٹری جنرل ارجن بہادر تھاپا سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا ہے کہ سارک کو یورپی یونین، خلیج تعاون کونسل اور آسیان کی طرز پر ایک موثر علاقائی تنظیم میں تبدیل کیا جانا چاہیے ٗ تین ارب سے زائد کی آبادی کے ساتھ سارک کے خطے میں ترقی کے بڑے امکانات ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ سارک کو یورپی یونین، خلیج تعاون کونسل اور آسیان کی طرز پر ایک موثر علاقائی تنظیم میں تبدیل کیا جائے جو علاقائی اقتصادی یکجہتی، توانائی کے شعبہ میں تعاون اور باہمی روابط کے فروغ پر توجہ دے۔