پرویز رشید کا بار ایسوسی ایشنز کیلئے 5 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قانون، انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں‘ قانون کی حکمرانی جمہوریت کیلئے ضروری ہے‘ مسلم لیگ (ن) کی جمہوری حکومت پاکستان میں قانون کی حقیقی حکمرانی پر مبنی حقیقی جمہوری معاشرے کے قیام کیلئے مصروف عمل ہے۔ معاشرے کے لوگوں کیلئے اقتصادی بہتری اور سماجی ترقی کیلئے یکساں مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ میرٹ اور شفافیت موجودہ جمہوری نظام کی شناخت ہے۔ ماضی کی حکومتیں اپنی من پسند بار ایسوسی ایشنز میں فنڈزکی تقسیم کرتی رہی ہیں‘ (ن) لیگ کی جمہوری حکومت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک بھر کی تمام بار ایسوسی ایشنز میں مساویانہ رقوم کی تقسیم کرے گی۔ وہ منگل کو یہاں ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کی تمام بار ایسوسی ایشنز میں مساویانہ طور پر 5 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر ظفر اللہ خان اور جسٹس (ر) محمد رضا خان بھی موجود تھے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ سابق وزیر قانون بابر اعوان سمیت تقریباً 100 بار ایسوسی ایشنز ان کے لئے 5 کروڑ روپے بجٹ میں مختص کئے ہیں۔ موجودہ دورہ حکومت میں مالی بے ضابطگی یا بدعنوانی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا جس کا کریڈٹ موجودہ حکومت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی‘ اسلام آباد‘ کراچی‘ لاہور اور دیگر بڑی ایسوسی ایشن کے وکلاء میں یہ فنڈز تعداد کے حساب سے تقسیم کئے جائیں گے جبکہ وکلاء تنظیموں نے اس اقدام کو سراہا ہے۔