کرپشن کے الزامات پر نیب میں محکمہ بلدیات کے افسروں کی انکوائری کیلئے طلبی
لاہور (سید شعیب الدین نے) نیب نے صوبائی محکمہ بلدیات کے افسروں کو بھی مختلف انکوائریوں کے حوالے سے طلب کرنا شروع کردیا ہے جس سے محکمہ بلدیات کے افسران میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی طرف سے لوکل گورنمنٹ بورڈ کے سیکرٹری اور دیگر حکام کو نیب کی طرف سے پنجاب بھر میں تعینات افسروں کی طلبی کے حوالے سے چٹھیاں موصول ہوئی ہیں۔ ان چٹھیوں میں جس کرپشن، بدعنوانی یا بے ضابطگی کے حوالے سے افسروں کو طلب کیا جا رہا ہے ان میں سے بیشتر کیس محکمے کے انسپکشن ونگ کی انکوائری یا انٹی کرپشن کی تحقیقات کے بعد نمٹائے جا چکے ہیں۔ اس بارے محکمہ بلدیات کے سینئر افسروں کا موقف ہے کہ پنجاب میں کسی بھی افسر کیخلاف شکایت کرنیوالا جہاں وزیراعلیٰ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری بلدیات، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو شکایت بھجواتا ہے وہیں ایک کاپی نیب کو بھی بھجوا دیتا ہے۔ نیب پہلے ان شکایات کا نوٹس نہیں لیتا تھا مگر اب نیب نے اچانک برسوں پرانی شکایات کا بھی جواب مانگنا شروع کردیا ہے جس پر افسر پریشان ہیں کہ جس شکایت کا وہ جواب دے چکے ہیں اور جو شکایت نمٹائی جا چکی ہے وہ کیس دوبارہ کھل رہے ہیں۔