• news

والد کے قتل کی پیروی پر اشتہاری قاتل نے بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا

کامونکے+ایمن آباد ( نامہ نگاران) والدکے قاتل اشتہاری ملزم نے مقدمہ کی پیروی سے باز نہ آنے پربیٹے کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بتایا گیا ہے کہ دوسال قبل مقامی سول ہسپتال میں نا ئب قاصد محمد ارشد کے والد مہربان علی نے اپنے چچا زاد بھائی کے بیٹے مزمل عرف سوہنا کو جرائم پیشہ زندگی اختیار کرنے پر سرزنش کی تو ملزم نے فائرنگ کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا جس کا مقدمہ محمد ارشد کی مدعیت میں تھانہ ایمن آباد درج ہونے کے باوجود تفتیشی افسر سیف اللہ ورک نے مبینہ طور پر بھاری رشوت لیکر ملزمان کو گرفتار نہ کیاجبکہ شریک ملزم ساجد عرف ساجی کو بھی بے گناہ قرار دیدیا۔ ملزمان کے خوف سے ارشد نے کامونکے سکونت اختیار کرلی تھی جبکہ اس دوران مقتول ارشد کی درخواست پر محکمہ انٹی کرپشن نے تحقیقات کرتے ہوئے ملزمان سے رشوت خوری کے شواہد ملنے پر پندرہ روزقبل سیف اللہ ورک پر مقدمہ درج کرلیا گیا جس کا ملزم پارٹی کو شدید رنج تھا گذشتہ علی الصبح محمد ارشد کامونکے سے اپنے ڈیرہ نند پور دودھ لینے پہنچا تو گھات لگائے ملزمان ساجد عرف ساجی، مزمل عرف سوہنا و دیگرنے فائرنگ کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بروقت اطلاع کے باوجود پولیس کے دوگھنٹے کی تاخیر سے پہنچنے اور جانبدارنہ رویہ پر مقتول کے ورثاء نے مقتول ارشد کی نعش جی ٹی روڈ پر رکھ کر ملزمان کی گرفتاری تک پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے دونوں اطراف پر ٹائر جلا کرٹریفک بلاک کردی، بعدازاں ملزم ساجد عرف ساجی کو گرفتار کرنے اور مقدمہ کی میرٹ پر تفتیش کی یقین دہانی پراحتجاجی مظاہرین منتشر ہوگئے۔ یادرہے سرکل کامونکے کے ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز کی ملزمان سے مبینہ طور پرملی بھگت اورانصاف نہ ملنے پر پندرہ روز کے دوران شہریوں کی طرف سے جی ٹی روڈ ٹریفک بلاک کرنے کایہ دوسرا واقعہ ہے ایمن آباد پولیس نے مقدمہ درج کرکے نعش کو پوسٹمارٹم کے لئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کامونکے پہنچا کر  اشتہاری ملزم مزمل عرف سوہنا کی تلاش شروع کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن