وٹو کی بلاول سے ملاقات: گیلانی، پرویز اشرف، امین فہیم کیخلاف انتقامی کارروائیاں ختم کرنیکا مطالبہ
لاہور(خبر نگار) منظور احمد وٹو نے بلاول بھٹو زرداری سے کراچی میں ملاقات کی۔ پنجاب میں پارٹی کے تنظیمی امور کے متعلق بریف کیا۔ چیئرمین نے کہا کہ وہ جلد سابق وفاقی اور صوبائی وزراء اور دوسرے پیپلز پارٹی کے ایسے رہنمائوں کی میٹنگ بلائیں گے جنہوں نے اعلیٰ سرکاری عہدوں پر کام کیا ہے۔ وٹو نے چیئرمین کو پیپلز پارٹی کے کارکنان کے ماہ صیام کے بعد کنونشن سے خطاب کی درخواست کی جس پر بلاول نے کہا کہ وہ ویڈیو لنک سے کنونشن سے خطاب کریں گے۔ سابق وزرائے اعظم یوسف رضا، راجہ پرویز اشرف اور مخدوم امین فہیم کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی سخت مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کو فورًا ختم کیا جائے کیونکہ اس سے جمہوری عمل کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے یقین دلایا کہ وہ صوبے کا دورہ ضرور کریں گے جس کے دوران وہ پیپلز پارٹی کے کارکنان کے علاوہ معاشرے کے دوسرے طبقوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔چیئرمین نے پنجاب پارٹی کی قیادت اور کارکنان سے کہا کہ وہ پارٹی کو مزید فعال بنائیں اور ہر سطح پر لوگوں سے رابطے بڑھائیں اور ان کو پارٹی کی پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کریں جو کہ عوام کو با اختیار بنانے میں مکمل یقین رکھتی ہے کیونکہ پاکستان کے لوگ ہی ملک کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔