گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 2 نوجوانوں اور 3 خواتین نے خودکشی کرلی
فیروز والا + فیصل آباد + سیالکوٹ + جڑانوالہ (نامہ نگاران) فیروز والہ کے نواحی علاقے ڈھاکے میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکر نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا لیں جس کی حالت غیر ہونے پر اسے طبی امداد کے لئے ہسپتال لایا گیا جہاں پر وہ دم توڑ گیا۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرلی۔ علاوہ ازیں فیصل آباد کے چک275ر۔ب کے عرفان کی اہلیہ ثمینہ نے شوہر سے جھگڑے کے بعد گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لی۔ چک 110ر۔ب کے امجد علی کی 23سالہ بیٹی (ر) نے والدہ سے تلخ کلامی کے بعد زہریلی گولیاں نگل لیں۔ سیالکوٹ کے علاقہ رانا ٹائون میں معمولی گھریلو جھگڑے پر 28 سالہ ارم صدیق نے گلے میں دوپٹہ کا پھندا بناکر چھت کے کنڈے سے لٹک کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ جڑانوالہ میں 36 سالہ نوجوان احتشام نے گھر والوں سے جھگڑے کے بعد گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔