کراچی‘ ٹارگٹ کلنگ میں مزید 2 افرا د جاں بحق: پولیس مقابلے‘ لیاری گینگ وار کارکن اور ڈاکو ہلاک
کراچی(آن لائن)کراچی میں ٹارگٹ کلنگ جاری ہے اور مختلف واقعات میں نامعلوم افراد نے مزید 2 افراد کو ہلاک 5 کو زخمی کردیا۔ تازہ واقعے میں اورنگی ٹائون مومن آباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو اجس کی لاش عباسی شہید ہسپتال منتقل کی گئی، پٹیل پاڑہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکہ نصراللہ نامی شخص کی جان لے لی علاوہ ازیں نیوکراچی، جہانگیر روڈ اور گارڈن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت5 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں کراچی کے علاقے لیاری اور شاہراہ نورجہاں پر پولیس مقابلوں میں گینگ وار ملزم اور ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ ناظم آباد میں مذہبی جماعت کے رہنما کوبھی حراست میں لے لیا گیا۔پولیس کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس مقابلہ میں لیاری گینگ وار کا ملزم وسیم ہلاک ہو گیا جو شکیل بادشاہ گروپ کا کارندہ تھا۔ دوسری جانب شاہراہ نورجہاں پر ڈی سلوا ٹائون کے قریب پولیس مقابلہ میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔ علاوہ ازیں ناظم آباد سے مذہبی جماعت کے رہنما کو حراست میں لے لیا گیا۔