پارلیمنٹ ہاؤس کیفے ٹیریا نئی کمپنی نے قیمتوں میں 40 فیصد تک اضافہ کر دیا
اسلام آباد (آئی این پی) حال ہی میں پارلیمنٹ ہائوس کے کیفے ٹیریا کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی نجی کیٹرنگ کمپنی نے بجلی، گیس مفت ہونے کے باوجود کھانے پینے کیا اشیاء کی قیمتوں میں ازخود 40فیصد تک اضافہ کر دیا، ایک ہی روز میں پراٹھا 10 روپے سے 20، چائے 10سے 18اور بریانی کی پلیٹ 60روپے سے 95روپے کی کر دی گئی جس سے پارلیمنٹ ہائوس کے چھوٹے ملازمین کی چیخیں نکل گئیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قیمتوں میں اضافہ کا نوٹس لیتے ہوئے کیفے ٹیریا منیجرز سے وضاحت طلب کر لی۔ پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی پلیٹ سے کاکروچ برآمد ہونے کی پاداش میں پارلیمنٹ ہائوس کیفے ٹیریا کا ٹھیکہ منسوخ ہونے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے نجی ہوٹل ـــگیگا بائیٹ نے کیفے ٹیریا کا چارج سنبھالتے ہی کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں 40فیصد تک اضافہ کر دیا، جس کے بعد راتوں رات ہی چائے، سموسہ، 10روپے سے بڑھ کر 20، بریانی کی پلیٹ 60سے 95 ، حلیم 40سے 70، سبزی کی پلیٹ 50روپے تک کی کر دی گئی۔