پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کی مدت میں مزید 4 ماہ کی توسیع
اسلام آباد/لاہور(آئی این پی+این این آئی)حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامی کمیٹی کی مدت میں مزید 4 ماہ کی توسیع کردی ۔بین الصوبائی رابطے کی رابطے کی وزارت نے اس حوالے سے نوٹی فیکشن جاری کردیا گیا ۔نجم سیٹھی کو چار ماہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کا سر براہ مقرر کیا گیا تھا۔ان کے عہدے کی معیاد اس ماہ کی9تاریخ کو ختم ہورہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چار ماہ کی توسیع ملنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات کا عمل بھی مکمل ہوجائے گا۔اور بورڈ کا انتظام انتخابات کے ذریعے کامیاب ہونے والے افراد کو سونپ دیا جائے گا۔ملک کے دو سابق ججوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کا مسودہ تیار کرکے بورڈ کے حوالے کردیا ہے۔پی سی بی نے آئین کا مسودہ وزیر اعظم نواز شریف کو بھیج دیا ہے اور وزیر اعظم سیکریٹریٹ اسے وزارت قانون کو بھجوائے گا۔منظوری کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کو قانونی حیثیت مل جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس 9جون کو لاہور میں طلب کیا گیا ہے۔ اراکین نجم سیٹھی کو چیئر مین کی حیثیت سے مزید توسیع دیں گے۔