گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ، بشام میں دھرنا، نوشکی میں گرڈ سٹیشن کا گھیرائو
لاہور+ اسلام آباد+ بشام (کامرس رپورٹر+ سٹی رپورٹر+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) ملک میں گزشتہ روز بھی بجلی کا بحران جاری رہا اور شدید گرمی میں بجلی کی 8 سے 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی گئی جس کے خلاف لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ بشام شہر میں 22 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کیخلاف ایکشن کمیٹی کی کال پر شاہراہ قراقرم پر دھرنا دیا گیا اور 2 گھنٹے تک روڈ بلاک رکھی گئی۔ مظاہرین نے واپڈا آفس کو تالا لگا کر بند کر دیا اور شدید نعرے بازی کی۔ نوشکی میں مظاہرین نے واپڈا گرڈ سٹیشن کا گھیرائو کر کے نوشکی کے تمام فیڈروں کو بند کر دیا جس سے دالبندین کو بھی بجلی سپلائی بند ہو گئی۔ این ٹی ڈی سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں بجلی کے شارٹ فال میں مزید 100 میگاواٹ کا اضافہ ہو گیا ہے جس سے اس کا مجموعی حجم 3200 میگاواٹ سے بڑھ کر 3300 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی۔ بجلی کی قلت کو پورا کرنے کے لئے شہروں میں 8 گھنٹے سے زائد جبکہ دیہات میں 12گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کی گئی۔ علاوہ ازیں پانی وبجلی کی وفاقی سیکرٹری نرگس سیٹھی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے مہینے کے لئے لوڈشیڈنگ کا شیڈول تیار کیا جائے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے بجلی کی پیداواری کمپنیوں کے سربراہوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں شکایات مراکز کے زیادہ سے زیادہ دورے کریں۔ انہوں نے کمپنیوں کے نمائندوں سے کہا کہ وہ سحر اور افطار کے دوران اپنے عملے کی موجودگی یقینی بنائیں۔ ادھر نوشکی میں بجلی کو 2 فیس کرنے کے خلاف زمیندار ایکشن کمیٹی کے زمینداروں نے آرسی شاہراہ کو بلاک کر دیا، واپڈا گریڈ اسٹیشن کے گھیرائوں کرکے دالبندین، مل سمیت نوشکی کے تمام فیڈروں کو بند کردئیے جس سے بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی، لوگوں کو سخت گرمی میں سخت مشکلات کا سامنا رہا۔ قیامت خیز گرمی اور بجلی بند ہونے سے لوگوں کے تکالیف میں اضافہ ہوگئی ، اسکے بعد زمینداروں نے واپڈا کے خلاف آرسی شاہراہ کو بلاک کرکے احتجاجی دھرنا دیا۔ علاوہ ازیں چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ یونٹ1- (C-1) کو 9 ویں ری فیولنگ آؤٹج کے بعد نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیا۔ اس وقت پلانٹ 244 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے۔ معمول کے ٹیسٹوں کے بعد پلانٹ 7 جون سے اپنی پوری استعداد کے مطابق 325 میگاواٹ بجلی پیدا کرنا شروع کر دے گا۔ ادھر شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی کے باعث تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک گر گئی۔ ارسا ایڈوائزری کے مطابق صورتحال یہی رہی تو آئندہ چند دن میں آبپاشی اور پینے کے لیے پانی کا بحران شدید ہو سکتا ہے۔ علاوہ ازیں ملک کے میدانی علاقے سخت گرمی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہونے والی ہلکی بارش سے وہاں موسم مزید خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک اور شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ گذشتہ روز سب سے زیادہ گرمی لاڑکانہ میں 49.5 سنٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔