12 ہزار میں گھر کا بجٹ بناکر دکھائیں صحافی کا اسحاق ڈار کو چیلنج الطاف حسین کا بھی ذکر، پوسٹ بجٹ تقریر طویل ہونے پر صحافیوں کے اعتراضات
اسلام آباد(آن لائن) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے وزیر خزانہ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک بھر میں کم سے کم تنخواہ 12000 روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے وہ اس تنخواہ میں ایک گھر کا بجٹ بنا کر دکھائیں جس پر وزیر خزانہ نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مصیبتیں ہم نے تو نہیں دیں نہ یہ ہماری وجہ سے آئی ہیں تاہم فوراً ہی اپنے آپ پر قابو پاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درحقیقت یہ مصیبتیں ماضی کی حکومتوں کی دی ہوئی ہیں ان کو حل کرتے کرتے وقت تو لگے گا۔ وزیر خزانہ نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے دوران متحدہ کے قائد الطاف حسین کا ذکر بھی کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس خبر کو سن کر کسی کو بھی خوشی نہیں ہوئی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پوسٹ بجٹ تقریر جب طویل ہونا شروع ہوئی تو کئی صحافیوں نے اعتراضات شروع کردیئے اس دوران ایک صحافی نے اپنی نشست پر کھڑے ہوکر کہا آپ بجٹ تقریر کو دوبارہ آج دوہرا رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ جا کر پانی پی آئیں تاکہ وہ اس دوران اپنی تقریر مکمل کرسکیں۔