• news

پاکستان میں ایک ماہ سے زیادہ قیام پر غیرملکیوں کیلئے پولیوسرٹیفکیٹ لازمی

اسلام آباد (ثنا نیوز) وفاقی حکومت نے پولیو پر بین الاقوامی سفری پابندیوں کے حوالے سے ضابطہ کار جاری کر دیا۔ نجی ہسپتالوں پر پولیو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے اجرا پر پابندی عائد، سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے پاسپورٹ کی شرط بھی ختم کر دی گئی۔ پاکستان میں قیام کیلئے غیرملکیوں کو بھی پولیو سرٹیفکیٹ لازمی حاصل کرنا ہو گا۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ کار کے مطابق صرف سرکاری ہسپتالوں سے جاری پولیو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ قابل قبول ہوگا، پولیو سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے تمام شرائط ختم کر دی گئیں۔ اب سرٹیفکیٹ کیلئے پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کی کوئی پابندی نہیں۔ پولیو سرٹیفکیٹ حاصل کرنیوالے کو صرف پاسپورٹ کا نمبر دینا ہو گا۔ ضابطہ کار میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں 4 ہفتوں سے زائد قیام پذیر غیرملکیوں کو پولیو سرٹیفکیٹ لازمی حاصل کرنا ہوگا۔ 4 ہفتوں سے کم قیام کرنیوالے غیرملکی سرٹیفکیٹ سے مستثنیٰ ہوں گے۔ تاہم پاکستان آمد پر پولیو ویکسینیشن سے استثنیٰ حاصل نہیں ہو گا۔ پولیو سرٹیفکیٹ صرف 19 گریڈ کا افسر ہی جاری کرنے کا مجاز ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن