5 سالہ سٹریٹجک پلان جاری‘ الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرنا‘ بائیو میٹرک سسٹم کیلئے قانون سازی ضروری ہے: الیکشن کمشن
اسلام آباد(خبرنگار) الیکشن کمیشن نے دوسرا پانچ سالہ سٹرٹیجک پلان 2014-18جاری کردیا ہے، آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک مشین کے ذریعے پولنگ ہوگی جبکہ آئندہ عام انتخابات سے قبل ملک میں مردم شماری ضروری ہے جس کی بنیادپر حلقہ بندیاں کی جائیں گی، بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی سہولت دینے کے لئے پارلیمنٹ سے قانون سازی لازمی ہے،بلدیاتی انتخابات کے لئے خیبر پی کے کے بعد سندھ نے بھی بائیومیٹرک سسٹم کے تحت پولنگ کرانے کا مطالبہ کردیا ہے مگر اس کے لئے بھی قانون سازی ضروری ہے، موجودہ قوانین کے تحت الیکشن کمیشن الیکٹرانک مشین اور بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے پولنگ نہیں کراسکتا،اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا موجودہ الیکشن کمیشن کے ارکان کی مدت جون 2016 میں پوری ہوگی۔ انہوں نے کہا انہیں کسی حلقے کی تحقیقات کرانے پر کوئی اعتراض نہیں چار کی بجائے چالیس حلقوں کے بیگ کھلوالیں تاہم یہ معاملہ ہمارے دائرہ کار میں نہیں آتا اس کے لئے انتخابی ٹربیونل سے رجوع کرنا پڑے گا۔ جن 35حلقوں کی بات کی جارہی ہے ان میں تمام پارٹیوں نے ہی نشستیں لی ہیں، مسلم لیگ ن نے 12، آزاد 6، پیپلزپارٹی 4، جے یوآئی 3، پی ٹی آئی 1 سمیت تمام پارٹیوں نے ایک ایک نشست حاصل کی، الیکشن کمیشن نے انتخابی اصلاحات پر مبنی تجاویز حکومت کو ارسال کردی ہیں اب حکومت کا کام ہے انہیں قانونی حیثیت دے‘ تاکہ آئندہ انتخابات نئے قوانین کے تحت منعقد کرائے جاسکیں، اصلاحات کے لئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپ سمیت عالمی برادری نے مئی 2013کے انتخابات کو پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ صاف شفاف انتخابات قرار دیا۔ انہوں نے کہا سٹریٹجک پلان پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی گئی تھی، جس میں جماعت اسلامی اور ایک اور جماعت نے اپنی تجاویز دیں، انتخابی اصلاحات ایک دن ایک ماہ یاایک سال میں نہیں ہوتیں بلکہ یہ جاری عمل ہے، نئے سٹریٹیجک پلان میں 13اہم اہداف اور 160مقاصدکا تعین کیا گیا ہے، اس میں چھ ماہ سے ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا اگر آج انگوٹھوں کی چھان بین کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تو ہم اس پر خوش ہیں سسٹم ہے تو مطالبہ کیا جا رہا ہے 2008ء میں ایسی بات تو نہیں ہوئی تھی۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بائیو میٹرک سسٹم کیلئے انتظامات دو سال میں مکمل ہو سکیں گے فیچرز کو حتمی شکل دیکر یہ معاملہ ایک کمپنی کے سپرد کر دیا گیا ہے عام انتخابات اسی کی بنیاد پر ہونگے۔ انہوںنے کہا قومی اسمبلی کیلئے نو کروڑ پچاسی لاکھ بیس ہزار صوبائی حلقوں کیلئے آٹھ کروڑ 96لاکھ 98ہزار بیلٹ پیپرز تیار کئے گئے تھے سب کے سیریل نمبرز کا ریکارڈ موجود ہے ، مردم شماری کو سولہ سال ہو گئے ہیں وزیراعظم نے مردم شماری سے متعلق ہماری سمری کی منظوری دیدی ہے اور یہ معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں زیر التواء ہے جس قدر جلدی ممکن ہو اس کام کو مکمل کیا جائے اس کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے نئے اسٹریٹیجک پلان کے تحت ہر حلقے کے نقشے ویب سائیٹ پر دستیاب ہونگے بے گھر افراد کو رائے شماری کا اختیار کیلئے قانون سازی ہوگی۔ خیبر پی کے میںآئندہ چھ ماہ میں بلدیاتی انتخابات ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کمیشن کے موجودہ ارکان کی جانب سے استعفیٰ کی پیشکش ان کے علم میں نہیں۔ آن لائن کے مطابق الیکشن کمیشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے عام انتخابات کیلئے بائیو میٹرک اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کیلئے پارلیمنٹ قانون سازی کرے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے ملک بھر میں نئی حلقہ بندیاں اور مردم شماری کرانے کی ضرورت ہے۔ مردم شماری سے پہلے نئی حلقہ بندیاں نہیں ہوسکتیں۔