ڈیرہ غازیخان میں میڈیکل کالج کا افتتاح‘ ملتان کیلئے بگ سٹی کا درجہ‘ 14 اگست کو میٹرو بس کا آغاز ہو گا: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ملتان شہر کے لئے 30کلومیٹر طویل میٹروبس منصوبے کی منظوری دے دی ہے جس پر 30ارب روپے سے زائد کی لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ ایک سال کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کو پہنچے گا۔ 14اگست کو منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ ملتان میٹرو بس منصوبے کو دبئی میٹروبس پراجیکٹ کی جدید طرز پر تعمیرکیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو سرکٹ ہاؤس ملتان میں منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس کے دوران میٹرو بس کے لئے 2ممکنہ روٹس کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس پر وزیر اعلیٰ نے دونوں روٹس پر میٹرو بس منصوبہ تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔ ایک سال میں مکمل ہونے والے اس منصوبہ سے روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسافر استفادہ کر سکیں گے اور میٹروبس پراجیکٹ سے ملتان کا پورا شہر مستفید ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملتان کو بگ سٹی قرار دینے کا بھی باقاعدہ اعلان کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میٹرو بس ملتان کے عوام کے لئے ایک تحفہ ہے جس سے نہ صرف ملتان میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا بلکہ اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہونے سے روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ میٹرو بس شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گی اور ملازمین، طلبائ، مزدور، اساتذہ، وکلائ، ڈاکٹرز اور خواتین کو سستی اور معیاری سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جولائی میں مکمل پی سی ون تیار ہوجائے گا اور انشاء اللہ 14اگست کو ملتان میٹرو بس کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ ایک سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والا یہ منصوبہ پچھلے دورِ حکومت کے دوران ملتان میں بننے والے منصوبوں سے مختلف ہوگا اور اس میں وہ شفافیت ہوگی جو سب کو نظر آئے گی۔ جولائی میں منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ مکمل ہوگی جس کے فوری بعد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ میٹرو بس کے روٹ پر بننے والے فلائی اوورز کے نیچے جدید لینڈ سکیپنگ کی جائے گی اور ملتان کے روایتی کلچر کے مطابق تزئین و آرائش کی جائے گی جس سے شہر کے حسن میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے حلقہ سے گزرنے والے میٹر و بس کے روٹ پر کام کی خود نگرانی کریں‘ جس عوامی نمائندے کی کارکردگی سب سے بہتر ہوگی اس کے لئے میں وزیر اعظم سے تمغہ امتیاز کی سفارش کروں گا۔ میٹرو بس سے روٹ کے قُرب و جوار کی آبادیوں کو اس منصوبے سے مستفید کرنے کے لئے مختلف میٹروسٹیشنوں تک فیڈر بسیں چلائی جائیں گی۔ فیڈر بسوں کو بھی مرکزی منصوبہ کے ساتھ ہی شروع کیا جائے گا۔ ملتان میٹروبس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب نے دو ارکان قومی اسمبلی اور تین ارکان صوبائی اسمبلی پر مشتمل کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا جو میٹرو بس کے حوالے سے مختلف معاملات کو دیکھے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ میٹرو بس کے راستے میں جو پہلے سے تعمیر شدہ فلائی اوور آئیں گے ان کو بھی کشادہ کیا جائے تاہم کشادگی کے وقت اس بات کا خاص خیا ل رکھا جائے کہ سابقہ فلائی اوورز کی مضبوطی متاثر نہ ہو کیونکہ ماضی میں تعمیر کردہ فلائی اوورز کے معیار تعمیر بارے خدشات سننے میں آتے رہے ہیں۔ پیشتر ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف ملتان پہنچے اور انہوں نے میٹروبس پراجیکٹ کے مجوزہ روٹس کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس کے دوران پنجاب پولیس کے تمام ڈویژنل اور ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے ہر ماہ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں آر پی او، سی سی پی او اور ڈی پی اوز پوری جانچ پڑتال کے بعد خود تعینات کرتا ہوں، ان میں سے 95فی صد کا انتخاب درست ثابت ہوتا ہے تاہم کوئی ایک آدھ بعد میں اس قابل ثابت نہیں ہوتا مگر میں حیران ہوں کہ اچھے افسران کی تعیناتی کے باوجود پولیس کے سسٹم میں تبدیلی نہیں آرہی اور تھانے کی سطح کا عملہ اپنا قبلہ درست نہیں کر رہا۔ یہ پولیس افسران کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی روک تھام کے لئے سختی سے ہدایت کی۔ ملتان کے دور ے کے بعد وزیراعلیٰ مظفرگڑھ گئے اور طیب اردگان ہسپتال میں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جارہے ہیں۔ ان علاقوں میں صحت اور تعلیم کی جدید سہولیات فراہم کر کے لوگوں کا احساس محرومی ختم کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے عوام کی توقعات سے بڑھ کر وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ میں طیب اردگان ہسپتال کو 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ اس ہسپتال میں کراچی، لاہور اور ملتان سے مریض علاج معالجہ کیلئے آئیں گے۔ طیب اردگان ہسپتال اسی ماہ آپریشنل ہوجائے گا اور مریضوں کو تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ امسال بجٹ میں ہسپتال کی توسیع پر کام شروع ہوجائے گا اس کیلئے 2ارب روپے مختص کئے جائیں گے، ہسپتال میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات دستیاب ہونگی، ہسپتال میں علاج کے لئے کوئی فیس ہوگی نہ کوئی پرچی، تمام نظام کو کمپیوٹرائزڈ بنایا گیا ہے۔ امینہ اردگان گرلز سکول کا معیار کراچی گرائمر ایجوکیشن سکول کے معیار کے مطابق ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے امینہ اردگان دانش کیئر گرلز ہائی سکول کو گیس فراہم کرنے کی منظوری بھی دیتے ہوئے کہاکہ اس منصوبے پر 4کروڑ 40لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکول میں جنریٹرز کی بجائے سولر پینل سسٹم لگائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مظفرگڑھ شہر سے ہسپتال اور سکول تک خصوصی طور پر ٹرانسپورٹ چلائی جائے۔ انہوں کہا کہ ترکش ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کارڈیالوجی سنٹر کیلئے 27 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے جائیں گے جبکہ کینسر ہسپتال کیلئے بھی تجاویز مانگ لی گئی ہیں ملتان میں ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ اس شہر کو پاکستان کے جدید ترین شہروں میں شامل کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پہنچنے کے بعد ائرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ملتان شہرکو بگ سٹی قرار دیتے ہوئے بگ سٹی الاؤنس دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ملتان میں چوک ناگ شاہ پر جدید طرز کے ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ٹریفک نظام میں رکاوٹ بننے والے 9 نمبر چونگی چوک پر زیرتعمیر پلازہ کو بھی فی الفور روکنے کا حکم دیدیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ملتان میں لاء آفس میں پی پی پی دور کے تعینات لاء افسروںکو بھی فی الفور ہٹائے جانے کا بھی حکم جاری کیا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ المیہ رہا ہے کہ جدید طرز کی عمارتیں اور سہولیات تو فراہم کردی جاتی ہیں مگر غریب عوام کی خدمات پر توجہ نہیں دی جاتی۔ ترکی کے تعاون سے مظفرگڑھ میں مکمل ہونے والے طیب اردگان ہسپتال کے ماڈل کی طرز پر پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو چلایا جائے گا۔ انہوںنے یہ بات ڈیر ہ غازیخان کے دورہ کے دوران غازی میڈیکل کالج کے افتتاح اور ٹیچنگ ہسپتال میں جدید سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے تونسہ میں دانش سکول قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قبائلی علاقوں سمیت متوسط طبقہ کے طلباء وطالبات کے داخلہ اور اساتذہ کی بھرتی کے حوالے سے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے جو حتمی سفارشات پیش کرے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غازی میڈیکل کالج کو چلانے کیلئے بورڈآف گورنرز تشکیل دیا جائے جس میں متعلقہ ماہرین شامل ہوں۔ ہسپتال کی مینجمنٹ کمیٹی قائم کر کے ایم این اے سردار اویس خان لغاری کو سربراہ نامزد کیا جائے۔ ٹیچنگ ہسپتال اور غازی میڈیکل کالج میں آنے والے ہر مریض کے داخلہ سمیت تمام مراحل کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ انہوں نے میڈیکل کالج کیلئے 30 جون تک جنریٹر فراہم کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔ جنوبی پنجاب کے واحد صحت افزا مقام فورٹ منرو کی ترقی کے حوالے سے دی گئی بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ فورٹ منرو میں دو مرحلوں کے دوران چیئر لفٹ اور کیبل کار کی تنصیب فوری شروع کی جائے اور اس کیلئے رقم نئے بجٹ میں مختص کی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ مظفرگڑھ تا فورٹ منرو دو رویہ سڑک کو بھی جلد تعمیر کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے غازی میڈیکل کالج کے طلباء و طالبات سے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں بہترین اساتذہ کی کمی کو پورا کیا جائے گا اور یہاں کے طلبا و طالبات کو میڈیکل کی اعلی تعلیم فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میڈیکل کے شعبہ میں لڑکیوں کی تعداد لڑکوں کے مقابلے میں زیادہ ہے لیکن اب آپ کا بھی فرض ہے کہ پانچ سالہ تعلیم مکمل کر کے شادی کے بعدگھر بیٹھنے کی بجائے دکھی انسانیت کے لئے میدان عمل میں آئیں۔ شہباز شریف نے ڈیرہ غازیخان میں 350 اضافی بستروں پر مشتمل ٹیچنگ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا جسے دو سال کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ این این آئی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں امن و امان اور الطاف حسین کی لندن میں گرفتاری سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔