خیبر پی کے، حلقہ پی کے 45کا ضمنی الیکشن مسلم لیگ ن کے سردار فرید خان کامیاب تحریک انصاف کے علی اصغر خان کو شکست
ایبٹ آباد (آن لائن) خیبر پی کے کے حلقہ پی کے 45کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے میدان مارلیا، سردار فرید خان 28000 سے زائد ووٹ لیکرکامیاب ہوئے، خیبر پی کے کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 45 پرضمنی انتخابات پولنگ صبح 8سے شام 5بجے تک بلاتاخیرجاری رہی، دن بھر پرامن پولنگ کے بعد رات گئے آنے والے غیرحتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق اس حلقہ کے 109پولنگ اسٹیشنوں سے مسلم لیگ ن کے سردارفریدخان نے 28000 سے زائد ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کے علی اصغر خان 19000سے زائدووٹ حاصل کرسکے۔وزیراعظم میاں نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب خان سمیت لیگی رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کے سردار فرید خان کو واضح اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد دی۔ پی کے 45 میں (ن) لیگ کے الیکشن آفس میں جشن کا سماں رہا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ لیگی کارکن ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے۔