• news

شہباز شریف کا شدید گرمی اور دھوپ کے باوجود ملتان، مظفرگڑھ اور ڈیرہ غازیخان کا 11 گھنٹے طویل دورہ

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے شدید گرمی اور دھوپ کے باوجود جنوبی پنجاب کے 3 اضلاع ملتان، مظفر گڑھ اور ڈیرہ غازی خان کا 11 گھنٹے تک طویل دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا، متعدد مکمل ہونے والے منصوبوں کا افتتاح کیا اور نئی ترقیاتی سکیموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے سب سے پہلے ملتان میں میٹروبس منصوبے کے مجوزہ روٹ کا معائنہ کیا اور سرکٹ ہائوس میں میٹرو بس، امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ میں ترکی کے تعاون سے بنائے گئے طیب اردگان ہسپتال، سکول اور انکلیوز کے بارے میں بریفنگ لی۔ ڈیرہ غازی خان میں وزیراعلیٰ نے ٹیچنگ ہسپتال میں جدید سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور ڈیرہ غازی خان میڈیکل کالج کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میڈیکل کالج کی عمارت کا دورہ کیا۔ انہوں نے تونسہ میں دانش سکول کے قیام کا اعلان کیا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ کو فورٹ منرو میں چیئرلفٹ پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ جنوبی پنجاب کے اضلاع کے دورے کیلئے صبح چھ بجے لاہور سے روانہ ہوئے اور شام 5 بجے واپس پہنچے۔

ای پیپر-دی نیشن