ملک کو بیرونی دشمنوں کی بجائے حکمرانوں سے خطرہ ہے: سراج الحق
مظفرآباد + پشاور (ثناء نیو ز + آن لائن) امیر جماعت اسلامی اور سینئر وزیر خیبر پی کے سراج الحق نے کہا ہے ملک کو بیرونی دشمن کی بجائے مسلط حکمرانوں سے خطرہ ہے اس وقت مملکت خداداد پاکستان کی سیاست کو چند خاندانوں نے یرغمال بنا رکھا ہے محض چند فیصد اشرافیہ پاکستان کے تما م وسائل پر قابض ہے، دشمن بارود کا سہارا لے کر ہمیں زیر کرنے کی کو شش کررہا ہے کشمیری قو م اپنی آزاد ی کے لئے برادریوں کے چنگل سے نکل کر خطہ کی اسلامی قیادت کا ساتھ دیں تو یہ خطہ غلامی سے نجا ت پا لے گا۔ نصراللہ شجیع جماعت کا قیمتی اثاثہ تھے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ مرحوم ایک بچے کی جان بچانے کی جدوجہد میں جام شہادت نوش کر گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذ شتہ روز دریائے کنہار میں ڈوب کر شہید ہونے والے جماعت اسلامی کراچی کے رہنما نصراللہ شجیع کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن ظلم کے نظام کے خلاف روشنی کی کرن بنیں۔ تعزیتی ریفرنس میں محمودالحسن چوہدری اور نصر اللہ شجیع کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔ ریفرنس سے شیخ عقیل الرحمن، قاضی شاہد حمید، پروفیسر غلام مصطفی اور مولانا شکیل اور دیگر نے خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن کینسر سے زیادہ خطرناک ہے اور بدقسمتی سے ہمارے ملک کو کرپشن سب سے زیادہ نقصان دے رہا ہے ۔ انہوں نے صحافی حضرات کو کرپشن کی بیخ کنی کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون اور اس سلسلے میں مثبت رول ادا کرنے کی تلقین کی۔ وہ پشاور میں پبلک پروکیورمنٹ ریگولیری اتھارٹی (پپرا)کے دفاتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ میڈیا سیشن میں صحافیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ سیکرٹری خزانہ سید سید بادشاہ بخاری ، منیجنگ ڈائریکٹرپپرا سید محمد جاوید اور دوسرے سرکاری اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔