فیروزوالا: نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے زمیندار اور اسکے بیٹے کو قتل کر دیا
فیروزوالا+مریدکے (نامہ نگاران) نامعلوم افراد نے زمیندار کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے زمیندار محمد سرور اور اسکے بیٹے ناصر محمود کو ہلاک کر دیا۔ ملزمان فرار ہو گئے۔ قصبہ جوئیاں والا (مریدکے) میں 55 سالہ زمیندار محمد سرور اپنے 25 سالہ بیٹے ناصر محمود کے ہمراہ گھر کے صحن میں سو رہے تھے پانچ نامعلوم افراد کلاشنکوفوں و دیگر جدید اسلحہ سے مسلح ہو کر اسکے گھر میں داخل ہو گئے جنہوں نے گولیاں مار کر دونوں باپ بیٹے کو سوتے میں قتل کر ڈالا اور فرار ہو گئے۔ مریدکے پولیس نے مقتولین کے ورثاء کی رپورٹ پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس نے مقتولین کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہسپتال بھیج دیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ دوہرے قتل کے ملزمان جلد گرفتار کر لئے جائیں گے۔