پارلیمنٹ کے دونوںایوانوں میں بجٹ پر بحث آج شروع ہو گی
اسلام آباد (ثناء نیوز) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آج ( جمعہ کو ) وفاقی بجٹ 2014-15 پر عام بحث شروع ہو گی ۔ قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس دو روز کے وقفہ کے بعد آج صبح ساڑھے دس بجے سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہو گا ۔ وفاقی بجٹ پر بحث کے لئے حکومتی تحریک پیش ہوں گی۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے ۔ سینٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹر نیئر حسین بخاری کی صدارت میں ہو گا ۔ یہ اجلاس بھی صبح ساڑھے دس بجے طلب کیا گیا ہے ایوان بالا میں بھی بجٹ پر بحث ہو گی دونوں ایوانوں میں مالیاتی بل پر بھی سفارشات دی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف اقتصادی ٹیم کو پارلیمنٹ میں بجٹ پر بحث کے دوران ارکان کی قابل عمل تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنانے کی ہدایت دے چکے ہیں ۔ وزارت خزانہ کے نمائندے اس مقصد کے لئے دونوں ایوانوں کی وزیٹر گیلریوں میں موجود ہوں گے وہ بجٹ ارکان کی تجاویز کے حوالے سے نوٹس لیں گے ۔ وزیر اعظم نے حکمراں اتحاد میں شامل تمام ارکان کو بجٹ سیشن میں حاضری کو یقینی بنانے کی سختی سے ہدایات کی ہیں۔ وزراء سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ایوان میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔
اجلاس