توانائی بحران خیبر پی کے میں مسئلہ نمبر ایک بن چکا، وفاق منصفانہ جائزہ لے: پرویز خٹک
پشاور (این این آئی) خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے واشگاف الفاظ میں واضح کیا ہے کہ صوبے کے کسی بھی حصے میں بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان سمیت کوئی بھی جرائم برداشت نہیں کئے جائیں گے ایسے ہر واقعے کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا اور بلاامتیاز سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ بھتہ خوری میں ملوث تمام گروہوں اور نٹ ورکس کی نشاندہی ہو گئی ہے ان سے نمٹنے کیلئے ہوم ورک مکمل کر لیا گیا اب ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی باری ہے۔ عوام بالخصوص تاجر برادری خود کو محفوظ سمجھے اور ان جرائم سے نمٹنے کیلئے حکومت سے پورا تعاون کرے۔ انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ اس صوبے میں عوامی اور صنعتی ضروریات کیلئے توانائی بحران مسئلہ نمبر ایک بن چکا ہے حالانکہ ہمارا صوبہ بجلی و گیس سمیت اپنی ضرورت سے بھی زیادہ توانائی قومی گرڈ میں شامل کر رہا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ مرکز کی سطح پر پوری صورتحال کا حقیقت پسندانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے تاکہ ملک کے کسی بھی گوشے میں حق تلفی اور محرومی کا احساس جنم نہ لینے پائے ہماری معاشی زبوں حالی سب کے سامنے ہے یہاں کے بیشتر انڈسٹریل اسٹیٹ صنعتی قبرستان بن چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی میں صوبائی حکومت کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ اگرچہ ماضی میں اسکی مراعات واپس لیکر بہت زیادتی کی گئی تھی مگر ہم اسکا بھی ازالہ کرنے کی پوری کوشش کرینگے۔ سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صنعتکاروں کے مطالبے پر گدون صنعتی بستی سے مشینری کی منتقلی پر پابندی فوری ہٹانے اور پیہور بجلی گھر کی تکمیل کی صورت میں تمام بجلی سستے ریٹ پر اسے دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے گدون میں ورکرز کالونی کو گذشتہ چار سال سے واپڈا کو ادائیگی ہو جانے کے باوجود بجلی کنکشن مہیا نہ کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے موقع پر موجود ایکسئین کو یہ مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔