• news

بجٹ ملازم دشمن قرار، ایپکا کے ملک بھر میں مظاہرے، ریلیاں اور دھرنے جاری

لاہور+ فیصل آباد+ جہلم (سپیشل رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) لاہور میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے حکومتی بجٹ کو ملازم دشمن قرار دے کر ملک بھر میں مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالی گئی، لاہور میں چلڈرن لائبریری کمپلکس سے گورنر ہائوس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ایپکا پنجاب کے صدر حاجی محمد ارشاد چودھری نے کی۔ اس ریلی میں ملازمین نے سیاہ جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ایپکا کے مطالبات اور نعرے درج تھے۔ اس مظاہرے کی وجہ سے گورنر ہائوس کے سامنے چار گھنٹے تک ٹریفک جام رہی۔ گورنر ہائوس کے سامنے اسحاق ڈار کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ حاجی محمد ارشاد چودھری نے خطاب کہا حکومت نے وعدہ کیا تھا بجٹ میں 50 فیصد ایڈہاک ریلیف بنیادی تنخواہ میں ضم کر کے سکیل ریوائز کئے جائیں گے جبکہ وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں صرف 10 فیصد ایڈہاک ریلیف کا اعلان کیا ہے اس لئے وہ تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کرتے ہیں وہ بجٹ پاس نہ کریں بجٹ پر نظرثانی کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 50 فیصد اضافہ کیا جائے، گریڈ 5 سے گریڈ 16 تک ٹائم سکیل پرموشن کیا جائے۔ صوبہ خیبر پی کے کی طرز پر تمام اسامیوں کو اپ گریڈ کیا جائے۔ سابقہ تمام ایڈھاک ریلف الائونسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا اگر ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو چاروں صوبائی اسمبلیوں میں بجٹ کے روز انکے باہر مظاہرے کئے جائیں گے۔ لاہور سے این این آئی کے مطابق مظاہرین نے مطالبہ کیا اگر مہنگائی کے تناسب سے ان کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کیا گیا تو وہ صوبائی بجٹ کے روز پنجاب اسمبلی کا گھیرائو کرینگے اور بجٹ پیش نہیں ہونے دینگے، احتجاج میں شریک سرکاری ملازمین نے پتلا بھی نذر آتش کیا اور پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔ علاوہ ازیں (اپیکا) نے وفاقی بجٹ میں تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہ کرنے کے خلاف اور دیگر مطالبات کی دیگر مطالبات کی منظوری کے لئے قلم چھوڑ ہڑتال کی اور زرعی انجینئرنگ ورکشاپ سے جھنگ روڈ پر تک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں تمام یونٹس کے سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی جس قیادت چودھری عبدالعزیز بھٹی، ڈویژنل صدر رائے محمد اعجاز خاں، لیبر ڈیپارنمنٹ کے صدر چودھری واجد عباس گجر، رانا شہزاد اصغر، ایوب ریسرچ کے صدر وارث علی گجر، اکبر علی بٹ، واسا کے صدر حیبب الرحمن خاں لودھی، ذوالفقارکاہلوں، محکمہ ایجوکیشن کے صدر رانا عابد علی، زرعی انجینئرنگ ورکشاپ کے صدر محمد اسلم ، محکمہ فوڈکے صدر رانا امجد علی اور دیگر اداروںکے صدور نے کی۔ مظاہرین نے گلوں میں سوکھی روٹیاں اورکفن پہن رکھے تھے جن پر وفاقی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔  علاوہ ازیں اسلام آباد میں ایپکا کے پُرامن مظاہرین پر پولیس گردی کے خلاف ایپکا ضلع جہلم کی احتجاجی ریلی اور ڈی سی او آفس کے سامنے دھرنا، ریلی ہیلتھ آفس سے شروع ہوئی جس میں تمام ضلعی محکمہ جات کے ملازمین نے بھرپور شرکت کی، ملازمین نے پے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعر ے درج تھے، شرکاء نے حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی، ریلی کی قیادت ضلعی صدر ایپکا لیاقت علی گوندل نے کی۔
اپیکا/ مظاہرے

ای پیپر-دی نیشن