پسرور: خانہ بدوشوں کی جھونپڑیوں میں آگ لگنے سے 2 بچیاں جاں بحق، 4خواتین زخمی
پسرور (نامہ نگار) خانہ بدوشوں کی جھونپڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، 2کمسن بچیاں جاں بحق 4 جھلس کر زخمی ہوگئیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نارووال روڈ پر خانہ بدوشوں کی جھگیوں میں اچانک آگ کے شعلے بلند ہونے لگے جس کی وجہ سے 2 سال کی بچی زینب دختر غلام مصطفی اور 3 سالہ سونیا دختر کوثر موقع پر جل کر جاں بحق ہوگئیں جبکہ آگ بجھانے کی کوشش کے دوران 4 دیگر خواتین معمولی جھلس گئیں۔ اے سی پسرور توقیر الیاس چیمہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں اور فائر بریگیڈ کے ساتھ اور بہت سے سماجی کارکن موقع پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکا اے سی پسرور نے اپنی نگرانی میں نعشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پسرورمیں پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد جھلسنے والی خواتین کو ان کے گھروں میں جانے کی اجازت دے دی۔ اے سی پسرور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا آگ سے جھلس کر جاں بحق ہونے والی بچیوں کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھیج دی گئی ہے۔ لاہور سے ثناء نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پسرور میں جھگیوں میں آتشزدگی سے دو بچیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے جھگیوں میں لگنے والی آتشزدگی کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔