مودی نے دورہ امریکہ کی دعوت قبول کر لی: بھارتی میڈیا، حتمی فیصلہ نہیں ہوا: برطانوی خبر رساں ادارہ
نئی دہلی (ثناء نیوز) بھارت کے نومنتخب وزیرِاعظم نریندر مودی نے امریکی صدر اوباما کی جانب سے دی جانے والی دورہ امریکہ کی دعوت قبول کرلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق مودی رواں سال ستمبر میں امریکہ کا دورہ کریں گے۔ تاہم برطانوی خبر رساں ادارے نے بھارتی حکومت کے ایک عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ وزیرِاعظم مودی نے ابھی اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ بھارتی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نریندر مودی صدر اوباما کی جانب سے دی جانے والی دورہ امریکہ کی دعوت قبول کرلیں گے اور عین ممکن ہے کہ ان کا یہ دورہ رواں سال موسمِ خزاں میں ہوگا۔اہلکار کے مطابق دورے کی حتمی تاریخوں پر بھارتی اور امریکی حکام کے درمیان بات چیت جاری ہے۔نئی دہلی میں قائم امریکی سفارت خانے نے بھارتی صدر کے ممکنہ دورے کی اطلاعات پر تبصرہ کرنے سے معذرت کرلی۔