اوکاڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پیر اور امام مسجد جاں بحق
اوکاڑہ (نامہ نگار) قصبہ جبوکہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے آستانہ پر سویا ہوا پیر جاں بحق جبکہ مریدنی زخمی ہو گئی۔ پیر رانا محمد انور اپنے آستانہ پر مریدین کے ہمراہ موجود تھا اور وہاں پر ہی سو گیا۔ اس دوران نامعلوم افراد نے اچانک پیر انور پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ اور ایک خاتون مرید مسرت بی بی زخمی ہو گئی جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ مدینہ ٹائون کی جامعہ مسجد کے امام کو نامعلوم افراد نے مسجد کے حجرہ میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ ڈاکمیر والا کے گائوں 9-20۔ ایل کے قاری محمد سلیم نے مسجد کے حجرہ میں ہی اہل خانہ کے ہمراہ رہائش اختیار کر رکھی تھی، گذشتہ شب نامعلوم مسلح افراد حجرے میں داخل ہوئے اور قاری سلیم پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں امام مسجد شدید زخمی ہو گئے۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ پولیس نے مقدمہ نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق قاری محمد سلیم نے متعدد شادیاں کر رکھی تھی، قتل کی واردات دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے۔