• news

مذہبی، سیاسی جماعتوں کی انتخابات الیکٹرانک مشینوں کے ذریعے کرانے کے اقدام کی حمایت

لاہور(خصوصی نامہ نگار) مذہبی سیاسی رہنمائوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے کرنے اور بائیو میٹرک سسٹم کیلئے قانون سازی کی ضرورت تسلیم کرنے کے بیان کو سراہتے ہوئے اسے جمہوری نظام کے ممد و معاون قرار دیا ہے اور کہا ہے ایسا کرکے انتخابی عمل کو شفاف اور غیرمتنازعہ بنایا جا سکتا ہے۔  جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بیانات سے آگے بڑھ کر شفاف انتخابی طریقہ کار کو اپنا نا چاہئے۔  11 مئی کے انتخابات پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں الیکشن کمیشن کے پاس وقت ہے کہ وہ نافذ کرے، تاکہ کسی کو ابہام نہ رہے۔ جے یو پی کے مرکزی رہنما علامہ قاری زوار بہادر نے کہا الیکشن کمیشن 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے جنہوں نے ملک کو اس صورت حال سے دو چار کیا ہے تاکہ قوم کا الیکشن کمیشن پر اعتماد بحال ہو۔ جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے کہا اس وقت وطن عزیز میں حالات کی خرابی انتخابی دھاندلی کا نتیجہ ہے جس کی وجہ سے عوام کے حقیقی نمائندے پارلیمنٹ سے باہر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن