• news

کراچی: تشدد جاری‘ تھانیدار سمیت 6 ہلاک‘ انٹرپول سے عزیز بلوچ‘ بابا لاڈلا کے ریڈ وارنٹ جاری

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے دیگر واقعات میں تھانیدار سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ انٹرپول نے ایف آئی اے کی درخواست پر لیاری گینگ وار کے بڑے کرداروں عزیر جان بلوچ، اسکے مخالف نور محمد عرف بابا لاڈلا اور تاج محمد عرف تاجو کے ریڈ وارنٹ جاری کر دئیے۔ واضح رہے کہ وزارت داخلہ کی طرف سے منظوری دئیے جانے کے بعد ایف آئی اے نے انٹرپول کو ریڈ وارنٹس کیلئے درخواست بھجوائی تھی۔ دریں اثناء کراچی کے علاقے پیر آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس کے اے ایس آئی تاج محمد کو قتل کردیا۔ وہ خواجہ اجمیر نگری تھانے میں تعینات تھا تاج محمد ڈیوٹی ختم کرکے گھر جا رہا تھا دوسری طرف شاہراہ فیصل کے علاقے میں الہ دین پارک کے قریب موٹر سائیکل سوار نے 50سالہ چمن کو گولیوں سے چھلنی کر دیا۔ ادھر یونیورسٹی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق 2 زخمی ہوگئے۔ ادھر گلشن بونیر میں پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزم مارے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوا۔ دریں اثناء پولیس نے گزشتہ رات کٹی پہاڑی کے علاقے میں مسجد مصطفی کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا۔ دھماکے میں 2 افراد جاں بحق 4 زخمی ہو گئے تھے 3 کی حالت ہسپتال میں نازک بتائی جا رہی ہے جبکہ رینجرز کی بھاری نفری نے قصبہ علی گڑھ کٹی پہاڑی، کنواری کالونی اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارکر کالعدم تنظیم کے 8 افراد کو حراست میں لے لیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کٹی پہاڑی دھماکے میں کالعدم تحریک طالبان کا عابد مچھر گروپ ملوث ہے۔ دوسری طرف دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر کراچی میں امریکی قونصلیٹ کی سکیورٹی مزید سخت پولیس اور رینجرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا، دو کو زخمی حالت میں پکڑ لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن