اسلام آباد میں تجاوزات 15دن میں ختم کرکے رپورٹ پیش کی جائے: ہائیکورٹ
اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز میں قائم غیرقانونی تجاوزات، سکول، ریسٹ ہائوس اور دیگر اضافی تجاوزات کو ختم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے 15 دنوں میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں مقامی لوگوں کی طرف سے لئے گئے حکم امتناعی کو بھی خارج کر دیا ہے۔ جمعہ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں محمد یوسف بنام سی ڈی اے عقیل بنام چیئرمین سی ڈی اے وغیرہ کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس شوکت صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے عدالت میں پیش ہوئے جبکہ حکومتی وکیل ڈپٹی اٹارنی جنرل فضل الرحمن بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے چیئرمین سی ڈی اے سے کہا کہ اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں غیر قانونی تجاوزات قائم کر دی گئی ہیں۔ سرکاری گھروں کو کرائے پر دیا گیا ہے اور کچھ سیکٹرز میں ریسٹورنٹ غیر قانونی طور پر قائم کئے گئے ہیں۔ فاضل جج نے تمام غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لئے چیئرمین سی ڈی اے کو 15 دن کا وقت دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں کے رہائشیوں نے سول کورٹ اور مجسٹریٹ کی عدالتوں سے 2001ء سے حکم امتناعی لے رکھا تھا۔ عدالت نے سول کورٹ کی طرف سے جاری کئے گئے اس حکم امتناعی کو بھی خارج کر دیا۔